وہ متعدد رفاہی اداروں کے سرپرست اور اہم عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں
سیالکوٹ کے عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کارلاؤں گا، غلام مصطفی چودھری
دبئی (طاہر منیر طاہر) سیالکوٹ کے ممتاز صنعت کار و سماجی رہنما غلام مصطفی چودھری کو گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج اور اس سے ملحقہ ہسپتالوں کے مینجمنٹ بورڈ کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
ان کا یہ انتخاب بورڈ میٹنگ میں عمل میں آیا، بورڈ کے رکن پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اظہر نے غلام مطفی چودھری کا نام چیئرمین کے طور پر پیش کیا جس پر تمام ممبران نے اتفاق رائے سے انہیں چیئرمین منتخب کر لیا ہے۔
غلام مصطفی چودھری سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے سابق صدر اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سابق چیئرمین بھی ہیں جبکہ وہ متعدد رفاہی اداروں کے سرپرست اور اہم عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، غلام مصطفی چودھری گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی گیپکو کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد غلام مصطفی چودھری نے تمام ممبران کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیالکوٹ کے عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں گے۔