بریڈفورڈ( تارکین وطن نیوز)برطانوی پولیس نے بریڈ فورڈ کے محمد رزاق کی بہادری کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے آگ میں گھرے خاندان کو اپنی جان پر کھیل کر بچایا اور بروقت ان کی مدد کی۔
تفصیلات کے مطابق محمد رزاق جب اپنی معمول کی فجر کی نماز کے لئے اٹھے تو انھیں شیشہ ٹوٹنے اور چیخ کی آواز سنائی دی۔ ایک خاتون نے اپنی کھڑکی توڑ دی تھی اور مدد کے لئے پکار رہی تھی۔ محمد رزاق نے پھر تی کا مظاہرہ کیا اور اپنے قریبی پڑوسی سے ایک لمبی سیڑھی مانگ کرگھر کی دوسری منزل کی کھڑکی سے لگا دی ۔
خاتون نے پہلے اپنے شیر خوار بچے کو محمد رزاق کے حوالے کیا پھر ایک نوجوان لڑکا اور ایک لڑکی اس سیڑھی کے ذریعے نیچے اترے جبکہ فائر ریسکیو والوں نے ایک شخص اور خاتون کی جان بچائی۔
محمد رزاق کی بیٹی کہنا تھا کہ ان کے والد جب واپس آئے تو وہ زخمی تھے کیونکہ ا نہیں ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے ان افراد کو نکالنا پڑاتھا ۔ محمد رزاق کی مدد پر ایمرجنسی سروسز والوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
بریڈفورڈ پولیس کےانسپکٹر ریان نے محمد رزاق کا ایک پڑوسی کی حیثیت سے مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا جنہو ں نے تین بچوں کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔