سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈز نے یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب

قومی ترانے کی دھن پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا، صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے

دی ہیگ( نمائندہ خصوصی) سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نیدرلینڈز نے یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے طلباء، خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قومی ترانے کی دھن پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستان کے نامور اور کم عمر کوہ پیما، شہروز کاشف بھی پرچم کشائی کی تقریب میں شامل ہوئے۔ وہ کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں۔ ا نہوں نے یہ اعزاز 27 جولائی 2021 کو اپنے نام کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کی تمام آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں کو سر کرکے ان پر پاکستانی پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ شہروزکاشف پاکستان میں سیاحتی مواقع کو اجاگر کرنے کی غرض سے نیدرلینڈز کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔

سفیرسلجوق مستنصرتارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ آزادی کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو اس سال دوطرفہ تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر نیدرلینڈزاور پاکستان کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو یاد رکھنا چاہئے جومقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وستم برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کشمیری عوام کے لئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کابھی اعادہ کیا۔

سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدرلینڈزکے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔اس دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے باہمی تعاون کے تحت کلنگنڈال انسٹی ٹیوٹ مین زیرِ تربیت نوجوان سفارتکار بھی موجود رہے۔

تقر یب کے اختتام پر ملک کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں۔

14 augustpak embassy netherlandspak independence daySuljuk Mustansar Tarar
Comments (0)
Add Comment