افغانستان کو وائٹ واش کر نے کے بعد شاہینوں کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے آخری ون ڈے میچ میں بھی افغانستان کو شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کیخلاف 269 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مجیب الرحمان 64، شاہد اللہ 37 اور ریاض حسن 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 3، محمد نواز، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

امام الحق کو تین میچز میں دو نصف سنچریوں کی مدد 165 رنز بنانے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

کولمبو میں سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔محمد رضوان 67 اور بابراعظم 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اوپنر فخر زمان 27 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق 30 گیندوں پر محض 13 رنز بناکر گلبدین نائب کا شکار بنے۔سعود شکیل 9 رنز بناسکے جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے شاداب خان 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

محمد نواز نے 30، فہیم اشرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب اور فرید خان نے دو، دو جبکہ فضل الحق مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری میچ کیلئے قومی ٹیم کی پلئینگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی گئیں۔ سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز اور محمد وسیم جونئیر کو موقع جبکہ افتخار احمد، اسامہ میر، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا۔

علاوہ ازیں کرکٹ ٹیم ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔قومی ٹیم افغانستان کے خلاف سری لنکا میں سیریز 0-3 کی فتح کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں عالمی نمبر ون ٹیم بنی ہے۔

پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو نیچے دھکیل کر پہلے نمبر پر پہنچی ہے، گرین شرٹس کے 119 پوائنٹس ہوچکے ہیں جبکہ آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔بھارت 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ 104 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور انگلینڈ 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

افغانستان سے سیریز سے قبل پاکستان 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھا، قومی ٹیم دوسری مرتبہ ایک روزہ کرکٹ کی ٹاپ پوزیشن پر پہنچی ہے۔اس سے قبل رواں برس مئی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، قومی ٹیم نے رواں سال 11 میں سے 8 ون ڈے میچز میں فتح حاصل کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے اگلے مرحلے میں 30 اگست سے شروع ہو رہے ایشیا کپ میں بھارت، بنگلادیش، سری لنکا جیسی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے۔

asia cuppakistan ODI No1 Rankingpakistan winner afghanistan
Comments (0)
Add Comment