ویانا(رپورٹ: محمد عامر صدیق)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں سالانہ عرس بابا تاج الدین ناگپوریؒ کی پروقار تقریب محمد آفتاب سیفی عظیمی کی زیر ِنگرانی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خصوصی طور پر ہالینڈ سے آئے ہوئے مہمان خصوصی نگران مراقبہ ہال ہالینڈ جاوید عظیمی نے ذکرِ جہر اور مراقبہ کروایا۔
اس موقع پر خصوصی خطاب علامہ غلام مصطفےٰ بلو چ نے کیا۔ اس تقریب کا انعقاد علمی،ادبی اور روحانی سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی کے آسٹریا کے خصوصی دورے کے دوران مراقبہ ہال ہالینڈ آسٹریا کے کوآرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی عظیمی نے حضور قلندر بابااولیاؒء کے نانا بابا تاج الدین ناگپوریؒ کے سالانہ عرس مبارک کا اہتمام کیا۔ جس میں آسٹریا کے مختلف شہروں سے مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ حضرات عقیدت اور احترام سے کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
اس بابرکت تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے محسن بلوچ نے کیا جبکہ نعت شریف اور منقبت پروفیسر مسرت شوکت اعوان شہریار خان، مقصود مغل ، حاجی اکبر اور اویس عالم صدیقی نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ محمد آفتاب سیفی عظیمی نے تقریب کی خوبصورت انداز میں نقابت کرتے ہوئے سلسلہ عظیمیہ کا تعارف پیش کیا اور اشعار کے آئینے میں صاحب عرس کو خراج عقیدت بھی پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
معروف مذہبی اسکالر علامہ غلام مصطفےٰ بلوچ نے قران و حدیث کی روشنی میں اولیائےکرام کی فضیلت کو بیان کرتے ہوئے بابا تاج الدین ناگپوری رحمۃ اللہ کی سوانح حیات پر بھی گفتگو فرمائی اور شاندار الفاظ میں صاحب عرس کو خراج عقیدت پیش کیا۔مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی نے اپنے خصوصی خطاب میں صاحب عرس کے لقب شہنشاہ ہفت اقلیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہفت اردو میں سات کو کہا جاتا ہے۔اور اقلیم کا مطلب حکومت اور نظام ہے اللہ تعالی کا ایک نظام، نظام تکوین ہے جو سات حصوں پر مشتمل ہے۔
اس نظام میں اولیائےکرام میں سے بھی ذہین ترین اولیاء کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے،اور انہیں نظام تکوین کے انتظامی امور سر انجام دینے کے لیے اہم ذمہ داریاں دی جاتی ہیں جاوید عظیمی نظام نے تکوین کو مزید آسان او رعام فہم انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیاوی اعتبار سے ہم سی ایس ایس اور دیگر مقابلے کے امتحانات دیتے ہیں ان میں سے بھی جو بہت ہی اچھے اور امتیازی نمبروں میں امتحانات پاس کرتے ہیں ان ذہین ترین نیک برگزیدہ بندوں کو امور مملکت چلانے کے لیے مختلف ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔
جاوید عظیمی نے مزید کہا نظام تکوین میں ذہین ترین خواتین و حضرات کو شامل کر کے اہم عہدوں پر فائض کیا جاتا ہے، جاوید عظیمی نے منعقدہ عرس مبارک کی روحانی تقریب میں والہانہ انداز میں ذکر جہر کروایا جس سے تقریب میں روحانی کیف طاری ہو گیا۔ نگران مراقبہ ہال ہالینڈ جاوید عظیمی نے اسباق کے ساتھ روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا مراقبہ کروایا اور اجتماعی دعا بھی کروائی ،تقریب کے دوران جاوید عظیمی نےآسٹریا بھر میں سلسلہ عظیمیہ کے لیے گرا نقدر خدمات سرانجام دینے پر محمد آفتاب سیفی عظیمی کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا اور ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کیے۔
اس پروگرام کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ معروف سماجی شخصیت میاں خلیل احمد ،شہر سالز برگ سے غلام مصطفی گجر اور سینٹ پولٹن سے دوستوں کو اکٹھا کر کے اس روحانی قافلے کی سربراہی کرتے ہوئے اس بابرکت تقریب میں تشریف لائے، یاد رہے سالز برگ اور ویانا کے درمیان تقریباً 300 کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ اس بابرکت تقریب کے اختتام پر معروف سماجی رہنما میاں خلیل احمد کی جانب سے حاضرین کی خدمت میں لذیزہ عمدہ لنگر پیش کیا گیا۔
ویانا شہر میں منعقد ہونے والی پروقار اور بابرکت تقریب میں یو این او سے محمد مرزا شبیر ،چوہدری فاروق، شیخ خالد، سفارت خانہ پاکستان سابقہ اسٹاف انوراحمد ،عدنان احمد،تاجر الطاف جمال ،غلام اظہر پاکستان انجمن فیملی، تدفین فنڈکمیٹی کے صدر حاجی امین ملک اعوان ، اور بھائی نسیم ملک اعوان منہاج القرآن آسٹریا کے صدر شیخ محبوب عالم ، حاجی خواجہ نسیم ، پاک آسٹرین ایسوسی ایشن کے صدر قمر چووہدری ، محمد آصف ملک ، ملک خلیل ، حمزہ خلیل، دیوان افضل ، حاجی محمداسلم ، مرزا اشفاق احمد ، محمدسلیم ، مہر عبدالستار، افتخار علی ، شاہد تنویر ، محمد فرحان سیفی عظیمی محمود شاہ ، چوہدری اظہر ورک، غلام مصطفےٰ فلک شیر چیمہ ، جمشید احمد اور ریاض احمد سندھو خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
پروگرام کے اختتام پر تمام معذز شرکاء نے اس روحانی بابرکت تقریب کو بے حد سراہا اور آئندہ بھی سلسلہ عظیمیہ کی تقریب میں شریک ہونے کا یقین دلایا جس پر تقریب کے میزبان اول محمد آفتاب سیفی عظیمی نے تمام معزز حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔