آسٹریا :علامہ غلام مصطفےبلوچ کی جانب سے محمد جاوید عظیمی کے اعزاز میں پر تکلف ناشتے کا اہتمام

انتہائی مودب اور محبت بھرےانداز میں تصوف کے اسرار و رموز پر موثر گفتگو کی گئی

ہالینڈ(نمائندہ خصوصی) علمی ،ادبی اور روحانی سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی نے مراقبہ ہال آسٹریا کے کوآرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی عظیمی کی خصوصی دعوت پر آسٹریا کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کی تنظیمات کے عہدیداران واور رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جبکہ متعدد تقریبات میں شریک بھی ہوئے۔

27اگست بروز اتوار آسٹریا کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت مذہبی اسکالر علامہ غلام مصطفےٰ بلوچ نے محمد جاوید عظیمی کے اعزاز میں پر تکلف ناشتے کا اہتمام کیا۔ پروگرام کے مطابق جاوید عظیمی اور انکی اہلیہ ، محمد آفتاب سیفی عظیمی اوران کی اہلیہ ویانا سے چند کلومیٹرباہر جب بلوچ ہاؤس پہنچےتو علامہ غلام مصطفےٰ بلوچ اور ان کے اہل خانہ نے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے استقبالیہ کلمات بھی ادا کئے۔

کچھ ہی دیر بعد میزبانوں نے لذیذ عمدہ ناشتے کی اشیاءکو میزپر انتہائی خوبصورتی سے چن دیا اور مہمانوں کو ان سے لطف اندوز ہونے کے لئے مدعو کیا ۔ناشتے کے دوران اور اس کے بعد بھی قلوب و اذہان کو منور کرنے والی بصیرت افروز گفتگو کا سلسلہ جاری رہا،علامہ غلام مصطفےٰ بلوچ نے بھیرہ شریف میں دوران تعلیم پیش آنے والے واقعات اور قبلہ پیر کرم شاہ صاحبؒ کے حوالے سے نورانی گفتگو کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ اللہ کے محبوب بندوں کی فضیلت، اہمیت اور ان کے ایمان افروز واقعات پر روشنی ڈالی۔

جاوید عظیمی نے اپنے مخضوص انداز میں سلسلہ عظیمیہ کے بانی و امام سیدنا محمد عظیم برخیا المعروف حضور قلندر بابا اولیاءؒ اور مرشد کریم الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی المعروف حضور اباجی کی فروغ اسلام کے سلسلے میں خدمات کے حوالے سے گفتگو فرمائی۔جاوید عظیمی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ آج کی صبح کاآغاز بہت اچھا ہوا رب کائنات ، رسول محتشمؐ اور اللہ تعالیٰ کے انعام یافتہ بندوں کے ذکر ِجمیل سے باطن نورانی لہروں سے منور ہو گیا اور روح کی بالیدگی ہوئی۔

اس گفتگو کے دوران محمد آفتاب سیفی عظیمی نے بھی اولیائے کرام کے فیوض و برکات سے متعلق بڑی محبت سے گفتگو کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ آج ایک بار پھر ہمیں اللہ تعالیٰ ، رسول اکرمؐاور پرورد گار کے محبوب بندوں کا ذکر ِ جمیل کرنے کا موقعہ ملا ہے۔ جاوید عظیمی نے اختتام پر میزبان علامہ غلام مصطفےٰ بلوچ کا ناشتے پر مدعو کرنے اور روحانی نشست سجانے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔جواباً میزبان نے بھی جاوید عظیمی کا قیمتی وقت دینے پر تہہ دل سے شکریہ اور ان کے حق میں ڈھیروں دعائیں کرتے ہوئے الوداع کیا۔

علامہ غلام مصطفےبلوچمحمد جاوید عظیمی
Comments (0)
Add Comment