فاتحہ و قرآن خوانی میں سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر، کمیونٹی افیئر کونسلر شہزاد سلیم سمیت اہم شخصیات کی شرکت
ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) خورشید احمد اعوان (مرحوم) جو گزشتہ دنوں آسٹریا میں وفات پا گئے تھے۔ ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ و قرآن خوانی کا اہتمام ان کے چھوٹے بھائی محمد عرفان اعوان کی جانب سے بروز اتوار بتاریخ 10ستمبر2023کو بعد نماز ظہر پاک سنٹر مسجد المدینہ21ڈسٹرکٹ ویانا میں کیا گیا۔
فاتحہ و قرآن خوانی میں سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر، سفارت خانہ پاکستان سے کمیونٹی افیئر کونسلر شہزاد سلیم اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات،ارکان و ان کے دوست احباب فیملی کے افراد نے شرکت کی۔
فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کے بعد منعقدہ محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ قاری شبیر نے تلاوت قرآن مجید کی۔ محمود الحسن اور سفیان اعوان نے بار گاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔مسجد المدینہ کے سربراہ و آسٹریا کے اسلامی اسکالر غلام مصطفی بلوچ نے خصوصی خطاب قرآن و حدیث کی روشنی میں مرحومین کے لئے ایصال ثواب اور سوگواران اور پسماندگان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے خصوصی بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب نے یہ دنیا چھوڑ کر جانا ہے، ہمیں آخرت کے لیے تیاری کرنی چاہئیں۔یہ دنیا فانی ہے جب ہم سب ایک ایک کرکے چلے جائیں گے تو پھر پیچھے والے بھی ہماری اجتماعی دعا میں شرکت کریں گے اور یہ ثواب کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ موت ایک ایسی حقیقت ہے کہ جس کا کوئی ذی روح انکاری نہیں۔
موت کی ہر وقت تیاری رکھنی چاہئے، موت کے بعد بھی ایک زندگی ہے جو کہ ابدی اور ہمیشہ قائم رہنے والی ہے ۔اس زندگی کی تیاری ہمیں اپنی دنیا کی زندگی میں ہی کرنی ہے۔
بعد ازاں قاری شبیر نے مرحوم خورشید احمد اعوان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے پڑھے جانیوالے قرآن شریف ، فاتحہ خوانی کا ثواب مرحوم کو ملک کیا اور مرحوم کی مغفرت درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کروائیں ۔محفل نعت کے اختتام پر مرحوم کے بھائی محمد عرفان اعوان نے قرآن و فاتحہ خوانی میں شریک ہونے والے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔