سامعین کی رائے کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسی کی روشنی میں اپنے پروگرام مرتب کرتے ہیں، فرخ وحید عاصی
پاکستان بننے کے اعلان سے لے کر ہر مشکل وقت میں ریڈیو پاکستان نے قوم کا مورال بلند کیا ہے، عبدالشکور مرزا
سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی چوتھی سالگرہ کا ریڈیو پاکستان سیالکوٹ کے سٹوڈیو میں انعقاد
عالمی شہرت یافتہ براڈ کاسٹر عظیم سرور اور معروف ریڈیو لسنر و رائیٹر طاہر منیر طاہر کے نام سےان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ کا اعلان
صدر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب زاہد حسین شیخ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) اسٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم 101 ریڈیو پاکستان سیالکوٹ فرخ وحید عاصی نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان سیالکوٹ میں اپنے پروگراموں کے ذریعے اپنے سامعین کو ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے انتہائی مفید معلومات فراہم کر رہا ہے۔ سامعین کی رائے کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسی کی روشنی میں اپنے پروگرام مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر ریڈیو پاکستان سیالکوٹ کے سٹوڈیو میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سرپرست اعلیٰ سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب خالد لطیف، عبدالشکور مرزا، صدر زاہد حسین شیخ، بانی کلب استاد لیاقت علی، محمد یونس چودھری بانی چاند تارا ویلفیئر فاؤنڈیشن، پروڈیوسر انجم گھمن، ڈی جے امتیاز خواجہ، تابندہ انور، ریحان امجد، ریڈیو لسنرز مختار احمد باجوہ، نصیر احمد بھلی، محمد بوٹا، نوید آکاش، نعیم مالی، حافظ محمد اسامہ، رفیق رحمت مسیح، رحمان یوسف، شانی بھائی، ساجد احمد، اور دیگر ریڈیو سامع موجود تھے۔
مہمان خصوصی فرخ وحید عاصی نے کہا کہ وہ ریڈیو پاکستان سیالکوٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کی سامعین کی تجاویز کو ہر وقت خوش آمدید کہیں گے اور ان کی روشنی میں اپنے پروگروموں کو مرتب کرنے کی کوشش کریں گے۔ سیالکوٹ میں ریڈیو پاکستان کے عالمی شہرت حاصل کرنے والے نمائندے اور سماجی رہنما عبدالشکور مرزا نے کہا ریڈیو پاکستان کا کردار کبھی ختم نہیں ہوگا اور ہر دور میں یہ قوم کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ پاکستان بننے کے اعلان سے لے کر ہر مشکل وقت میں ریڈیو پاکستان نے قوم کا مورال بلند کیا ہے۔
جنگ ستمبر 1965میں ریڈیو پاکستان نے قوم میں ملی نغموں اور ترانوں سے جو جوش و ولولہ پیدا کیا اس کو تاریخ میں سہنری حروف میں لکھا جائے گا۔ اس جنگ میں ملکہ ترنم نور جہاں اور دیگر فنکاروں اور گلو کاروں نے جنگی ماحول میں پاک فوج کے نوجوانوں اور قوم کو ایک لڑی میں پرونے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان نغموں کی تیاری میں ریڈیو پاکستان کے جن نامور ماہرین اور صدا کاروں نے رنگ بھرے ان میں شہر اقبال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ براڈ کاسٹر عظیم سرورکی خدمات بھی قابل تعریف ہیں۔
عبدالشکور مرزا نے سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب، عظیم سرور اور دینائے ریڈیو کے نامور لسنرو رائیٹرطاہر منیر طاہر کی خدمات کے اعتراف میں ان دونوں شخصیات کے نام سے ایوارڈ شروع کرنے کی روایت پر زاہد حسین اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ عبدالشکور مرزا نے مزید کہا کہ ایم 101 ریڈیو پاکستان سیالکوٹ میں جو وسائل کی کمی ہے اسے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو سیالکوٹ کی اہمیت کے پیش نظر دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور کرائے کی عمارت کی بجائے سیالکوٹ میں ریڈیو پاکستان کی شایان شان اپنی عمارت تعمیر کرکے یہاں انتہائی طاقت ور نیا ٹرانسمیٹر نصب کرنا چاہئے اور مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں چلنے والے انتہائی طاقت ور ٹرانسمیٹرز کا مقابلہ کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ کرنا چاہئے۔
عبدالشکور مرزا نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور بھی ریڈیو کی ایک اپنی اہمیت ہے خصوصاً ریاست کی مثبت پالیسیوں کی تشہیر کے لئے اورعوام کی رہنمائی میں ریڈیو پاکستان اب بھی بہتر کردار ادا کر سکتا ہے۔ سرپرست اعلیٰ خالد لطیف نے اسٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم 101ریڈیو پاکستان سیالکوٹ فرخ وحید عاصی کی طرف سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی سالگرہ کی تقریب ریڈیو اسٹیشن کے اندر منعقد کر نے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یہ توقع ظاہر کی کہ 101ریڈیو پاکستان سیالکوٹ، سیالکوٹ کی جغرافیائی، سیاسی و سماجی اور معاشی ا ہمیت کے پیش نظر اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرے گا۔
صدر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب زاہد حسین شیخ نے فرخ وحید عاصی، خالد لطیف اور عبدالشکور مرزا کی طرف سے سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی بھرپور سرپرستی و معاونت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ شہر اقبال سے تعلق رکھنے ریڈیو کی دنیا کے عالمی شہرت یافتہ سامع طاہر منیر طاہر صدر پاکستان جرنلسٹس فورم متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھی سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے اور اس سال ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر کلب کے زیر اہتمام پہلی بین الاقوامی ریڈیو لسنرز کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی تشریف لاکر اسے کامیاب بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
زاہد حسین شیخ نے کلب کے ممبران کا بھی ریڈیو سننے اور اپنی تجاویز دینے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چوتھی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔