جدہ (امیر محمد خان سے )جدہ میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن پر پرجوش اور شاندار تقاریب کا اہتمام کیا۔ واضح رہے کہ قومی دن کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے سمندر پر لاکھوں مقامی اور غیرملکیوں خاندانو ںنے سعودی فضائیہ کا شاندار ائر شو دیکھا، ہوٹلوں کے کھانے پراس دن کیلئے خصوصی رعائت کا اعلان ہوا۔
جدہ میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی تقریب سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری شفقت نے اپنے ادارے کی جانب سے منعقد کی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، سعودی فنکاروں نے تلوار رقص پیش کیا جس میں بڑی تعداد میں سعودی اور پاکستانیوں نے انکے ہمراہ رقص کرکے تقریب کو شاندار بنایا۔
مقامی فنکار نعیم سندھی نے عربی زبان میں پرجوش گیت پیش کئے ،تقریب میں پاکستان کمیونٹی اور سعودی مہمانوں نے بھر پور شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی جدہ قونصلیٹ کے قونصل ویلفیئر ثاقب علیخان اور جرنل نائف الماکی تھے ۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، یکجہتی فورم کے چیئر مین ریاض بخاری، چوہدری محمد اکرم اور میزبان چوہدری شفقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے یوم الوطنی پر سعودی عوام اور سعودی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
مقررین نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے یہا ں برسرروزگار لاکھوں پاکستانی نہ صرف ذرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں بلکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں، سعودی حکومت کا پاکستان کیلئے امداد کا لامتناہی سلسلہ ہے، سعودی عرب میں پاکستانی بھی نہائت ایمانداری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، انہیں سعودی عرب کے قوانین کا بھر پور احترام کرنا چاہئے۔
یوم الوطنی کے موقع پر ایک عصرانہ جموں و کشمیر کے سردار و قاص نے تقریب منعقد کی جس میں مہمان خصوصی قونصل جنرل خالد مجید تھے شرکاء نے سعودی یوم الوطنی کا کیک کاٹا ،ا س موقع پر برطانیہ سے آئی ہوئی مانچسٹر کی مئیر شاہینہ ہارون راجہ نے خصوصی شرکت کی اور سعودی عوام کو یوم الوطنی کی مبارکباد پیش کی۔