قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم کشمیر کے حوالے سے تقریب ،کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

دبئی (تارکین وطن نیوز) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دبئی میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دبئی اور شمالی امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں یوم سیاہ کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

اجتماع سے کشمیری رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی کے افراد نے خطاب کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقصد کے حصول تک بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اخلاقی اور قانونی طور پر کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کا پابند ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرکے اپنا کردار ادا کرے۔

حسن افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947 سے یہ دن کشمیریوں کی مرضی کے خلاف سری نگر میں اپنی فوج اتار کر جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کرنے کی بھارتی غیر قانونی کارروائی کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے ۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لیں جنہیں بھارتی مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو زبردستی اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کیخواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment