شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کا بارسلونا میں نیٹ ورکنگ پروگرام،پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) بارسلونا کے مقامی ہوٹل میں شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کا نیٹ ورکنگ پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبولؐ سے ہوا جس کی سعادت حافظ احمد اور راجہ مظہر حسین نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف صحافی حافظ احمد نے سر انجام دئیے۔

پروگرام میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ ریسورس ڈویلپمنٹ طارق اعظم نے شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے لئے ہونے والی فنڈنگ اور اس کے استعمال پر بریفنگ دی اور سوالات کے جوابات دئیے انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ وابستگی رکھتا ہے یہ سب پاکستانیوں کا اپنا ہسپتال ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا تعلق چیئرمین شوکت خانم ہسپتال عمران خان سے ہے، 75 فیصد مریضوں کا ہر طرح سے مفت علاج کیا جاتاہے، 5فیصد مریض اپنی استعداد کے مطابق ادا کرتے ہیں اور باقی 15 فیصد مریضوں میں سے جو جتنے اخراجات برداشت کرتے ہیں لئے جاتے ہیں، یہ پروگرام نیٹ ورکنگ پروگرام ہےاس میں کوئی فنڈ جمع نہیں کیا جاتا۔

معروف نعت خواں راجہ مظہر حسین نے ہدیہ نعت رسول مقبولؐ پیش کی اور ماحول کو عشق نبیؐسے دلفریب بنا دیا، خوبصورت انداز اور خوبصورت نعت نے دلوں کو نبی کریمؐ کی محبت سے لبریز کردیا۔

اس موقع پر انہوں نے بطور انتظامیہ تمام خواتین ومرد حضرات کا شکریہ ادا کیا اور کہ وہ ہمارے ساتھ اس نیک اور فلاحی کام میں ساتھ آئے ہیں اور پاکستان کی فلاح میں اپنا مقدور بھر حصہ ڈالا۔

چیف کوارڈینیٹر پاک بزنس کونسل سید ذوالقرنین شاہ نے پروگرام کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے لئے کام کرنا اور آج کے پروگرام کو آرگنائز کرنا میرے لئے باعث سعادت ہے اس موقع ہر انہوں نے شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ ہماری کال پر پروگرام میں شریک ہوئے۔

بارسلونا میں معروف پاکستانی صوفی گائیک قدیر احمد خان نے پروگرام کو چار چاند لگا دئیے، انہوں نے صوفی کلام کے ساتھ وصی شاہ کی غزلیں بھی ترنم سے سنائیں اور خوب داد سمیٹی ،وصی شاہ بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے ۔

معروف شاعر وصی شاہ نے پروگرام میں ربیع الاول کی مناسبت سے گفتگو کی اور بچوں کی تربیت میں نبی کریمؐ کی سیرت کو اہمیت دینے پر زور دیا،اس موقع پر انہوں نے اپنی نظمیں اور غزلیں بھی پیش کیں جسے خواتین ومرد حضرات کے ساتھ نوجوانوں نے بھی خوب سراہا اور دل کھول کر داد دی۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ پروگرام مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور یہ صحت کا معلوماتی ایونٹ ہے جس میں معروف شاعر ،ڈرامہ نگار وصی شاہ کی شاعری کے ساتھ قدیر احمد خان نے پرفارمنس دی، بارسلونا میں مقیم تمام سیاسی ،سماجی ، کاروباری، ادبی اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔

barcelonaNetworking programShaukat Khanum Cancer Hospital and Research CentreSKCH hospitalشوکت خانم کینسر ہسپتال
Comments (0)
Add Comment