لندن(تارکین وطن نیوز) برطانیہ بھر میں تحریک کشمیر کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر منایا گیا،بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے قبل بھارت کے انسانیت سوز مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے لندن میں کشمیر ڈیجیٹل مہم کا آغاز ہوا جس میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، امریکہ سے ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر، چوہدری محمد صدیق،حکمداد قادری، تحریک کشمیر برطانیہ سائوتھ زون کے صدر چوہدری زاہد اقبال، لوٹن برانچ کے صدر چوہدری محمد رمضان، انفارمیشن سیکرٹری ریحانہ علی،القدس مغل، یاسر عالم نے شرکت کی۔
اس موقع پر راجہ فہیم کیانی، مفتی فضل احمد قادری، راجہ سکندر خان، چوہدری محمد رمضان اورراجہ نذیر احمد نے برطانوی وزیر اعظم کے نام 10 ڈائوننگ اسٹریٹ میں یادداشت بھی پیش کی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہونے کی حیثیت سے کرائے اور بھارتی مظالم کو بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
یادداشت میں کہا گیا کہ 1947میں اگر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے حق مل جاتا، بھارت فوجی مداخلت نہ کرتا اور برطانیہ نے اسے روکا ہوتا تو آج لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام، خواتین کی عصمت دری نہ ہوتی، خطے میں امن سمیت برطانیہ اور دنیا کے مفادات کا تقاضا ہے کہ برطانیہ اپنے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارتی حکومت کو مجبور کرے کہ وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
ڈاکٹر غلام نبی میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف جس طرح یورپ بھر میں بھارت کی جارحیت کو بے نقاب کیا اورڈیجیٹل مہم شروع کر کے کشمیریوں کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے پیش کیا اس سے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر مبذول کرانے میں مدد ملے گی ۔ چوہدری محمد صدیق نے ڈیجیٹل مہم کو ایک اچھی کوشش قرار دیا۔دریں اثنالندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرے کے دوران ڈیجیٹل ٹرک انڈین سفارت خانے اور ڈائوننگ سٹریٹ کے ارد گرد گھومتا رہا۔