مانچسٹر(محمد فیاض بشیر)دنیا بھر کی طرح برطانیہ میں بھی مختلف کاروبارمیں کشمیری و پاکستانیوں نے لوہا منوایا ہے، ایسے ہی پاکستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب خان نے مانچسٹر میں گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے شو روم ہائیڈ روڈ پارٹس کی گرینڈ اوپننگ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں پاکستان اور برطانیہ کے ممتاز کنسلٹنٹ ڈاکٹر اور ادبی شخصیت ڈاکٹر داؤد قاضی اور سینئر صحافی سکالر رائٹر کالم نگار چودھری حسن کی خصوصی شرکت سمیت کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی اور فیتہ کاٹا گیا،کاروبار میں برکت کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کنسلٹنٹ ڈاکٹر اور ادبی شخصیت ڈاکٹر داؤد قاضی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان شاہ زیب نے اپنے نئے کاروبار کی بنیاد رکھی وہ اس سے پہلے بھی برطانیہ اور یورپ میں گاڑیوں کے سپیئر پارٹس ہول سیل کی بنیاد پر سپلائی کرتے ہیں اور اب گریٹر مانچسٹر کی کمیونٹی کو بھی معیاری اور سستے پارٹس دستیاب ہونگے۔
کاروباری شخصیات چودھری شہر یار،طاھر حمید اور حسن چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں نوجوان پاکستانیوں کو برطانیہ میں نئے کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، اس سے جہاں برطانیہ جیسے معاشرے میں عزت کا مقام ملتا ہے وہاں زر مبادلہ کی صورت میں پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچتاہے اورہمیں شاہ زیب جیسے نوجوانوں پر فخر ہے۔
ہائیڈ روڈ سپیئر پارٹس کے چیف ایگزیکٹو شاہ زیب خان نے شو روم کی اوپننگ پر آئے ہو ئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گریٹر مانچسٹر میں رہنے والوں کو ہم گاڑیوں کے اچھے کوالٹی کے پارٹس نہایت موزوں قیمت پر فراہم کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کہ پاکستان سے آکر محنت اور ماں باپ سے دعاؤں کی وجہ سے آج یہاں تک پہنچا ہوں ،آخر میں مہمانوں کی تواضع لاہوری کھانوں سے کی گئی۔