کوالالمپور (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیرِ اعظم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ غزہ کے عرب الاہلی اسپتال پر بمباری سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان مضحکہ خیز ہے۔
مہاتیر محمد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر غزہ کے عرب الاہلی اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر ایک طویل پوسٹ میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
ملائیشیا کے رہنما نے لکھا ہے کہ اسرائیلی قاتل حکومت فلسطینیوں کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ بائیڈن کا بیانیہ نیتن یاہو اور پینٹاگون کے تاثرات پر مبنی ہے، اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم تل ابیب کے لیے امریکی حمایت سے ہوئے۔
مہاتیر محمد نے لکھا کہ امریکا اگر اسرائیل کی حمایت اور فوجی امداد روکتا تو فلسطینیوں کا قتلِ عام نہ ہوتا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ امریکی حکومت کو سامنے آ کر سچ بتانے کی ضرورت ہے، اسرائیل اور اس کی آئی ڈی ایف دہشت گرد ہیں اور امریکا دہشت گردوں کی کھلم کھلا حمایت کر رہا ہے تو امریکا خود کیا ہے؟