کویت(محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے حسب روایت یوم اقبال بڑے جوش و جذبے سے منایا۔ اس بار پروگرام کا عنوان "سیرت کا پیغام اور فکر اقبال” رکھا گیا تھا جس کا مقصد اپنی نوجوان نسل کو اقبال کی فکر اور اقبال کے پیغام سے روشناس کرانا تھا۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض یوتھ ونگ کے سینئر ممبر افضل چوہدری نے بہت خوبصورتی سے ادا کیے۔
کبھی اے نوجواں مسلم! تدبر بھي کيا تو نے
وہ کيا گردوں تھا تو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا
تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوش محبت ميں
کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں ميں تاج سر دارا
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت بدر اخلاق نے حاصل کی۔ صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نوید پاشا نے خیر مقدمی کلمات کہے، پروگرام میں شریک سامعین و حاضرین کو خوش آمدید کہا اور یوتھ ونگ کے سالانہ پروگراموں پر روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یوم اقبال کو منانے کے اغراض و مقاصد بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اقبال کی فکر اور اقبال کا پیغام ہمارے ہر نوجوان تک پہنچے تا کہ ہر نوجوان اقبال کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کی کوشش کر سکے۔
یوتھ ونگ کے اراکین اور طلباء نے علامہ اقبال کی شخصیت کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی اور کلام اقبال بھی پڑھا گیا، جس میں اقبالؒ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقاریر اور کلام اقبال میں حصہ لینے والے یوتھ ونگ اور طلبہ بچوں میں عثمان جاوید، عبدالہادی، احمد عمر، طٰہ رفعت ثوبان سعید، ریان سعید، محمد ابراہیم بھٹہ اور محمد عیان بھٹہ شامل تھے۔ کویت میں مقیم پاکستانی یوتھ نے پروگرام میں بھر پور شرکت کی۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت شعبہ دعوت کے ذمہ دار حافظ حفیظ الرحمن نے اقبالؒ کی شخصیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوے انکی شخصیت کے بہت سے پہلو حاضرین کے سامنے رکھے، انہوں نے کہا کہ یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے حسب روایت بیداری شعور اور نوجوانوں میں اقبال شناسی کے سلسلے کو جاری رکھا ہوا ہے جو لائق صد تحسین ہے۔
پروگرام کا بھرپور خطاب صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال کا تھا جس کا موضوع "اقبال کا شاہین” تھا ۔انہوں نے بڑے عمدہ انداز میں سمجھایا کہ اقبال کو شاہین کیوں بہت پسند تھا اور وہ ایک مسلمان نوجوان میں شاہین جیسی خوبیاں کیوں دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو یہ بھی نصیحت کی کہ اگر ایک اچھا، سچا اور بہترین مسلمان بننا ہے تو اقبال کی فکر کو سمجھنا اور اسے اپنانا ہو گا، کیونکہ اقبال کا فلسفہ اور اس کی فکر صرف اسلام اور عشق رسول ﷺ ہے۔
بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں میڈلز دیے گے۔ پروگرام کا اختتام یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت زاہد خادم کی دعا سے ہوا۔ پروگرام کے بعد مہمانوں کے لیے پرتکلف ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔