چین کی طرف سے عمان میں پاکستانی سکولوں کیلئے تعلیمی وظائف کی پیشکش
سکول میں خصوصی تعلیم کے مرکز کی توسیع اور اس میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کا عزم
پاکستان سکول صحار کے بانی چوہدری محمد اسلم، معروف بزنس مین فہد اویس منیر، سماجی شخصیت سید زیب حسن جعفری اور سکول اسٹاف کی شرکت
دبئی (طاہر منیر طاہر) عُمان میں چینی سفیر لی لِنگ بِنگ نے عمان کے قومی دن کی تقریبات کی مناسبت سے پاکستان سکول مسقط کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ چینی سفیر نے پہلے سکول میں نئے چینی فرنیچر کا افتتاح کیا اور کہا کہ یہ تعاون پاک – چین دوستی نیز پاک – عُمان دوستانہ تعلقات کے مزید استحکام کی علامت ہے۔
پھر انہوں نے سکول کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور تعلیم کی بہترین فراہمی پر انتظامیہ اور اساتذہ و معلمات کی لگن اور محنت کو سراہا۔ بعد ازاں چینی سفیر اور پاکستان سکول بورڈ نے مستقبل میں باہمی تعاون کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی، جس میں حکومت چین اور عمان میں پاکستانی سکولوں کے مابین اشتراک اور ان میں چینی زبان کا تعارف اور خصوصی تعلیم کا فروغ شامل ہے۔
انہوں نے اسمارٹ بورڈ سسٹم، بچوں کی خصوصی تعلیم اور پاکستانی سکولوں میں تعلیم کے مجموعی معیار اور دیگر اقدامات کے بارے میں بریفنگ کے دوران اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ مزید براں سفیر موصوفہ نے سکول میں خصوصی تعلیم کے مرکز کی توسیع اور اس میں مزید سہولتوں کی دستیابی میں حکومت چین کی معاونت کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کا عزم بھی کیا اور مستقبل میں عمان میں پاکستانی سکولوں کے لئے تعلیمی وظائف کی پیشکش بھی کی۔
پاکستان سکولز بورڈ کے چیئرمین، ممتاز دانشور امیر حمزہ نے چینی سفیر کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔ اس اہم اجلاس میں عُمان میں چینی اور پاکستانی سفارت خانوں کے سینیئر افسران، ممتاز علم دوست صنعتکار اور پاکستان سکول صحار کے بانی چوہدری محمد اسلم، معروف بزنس مین فہد اویس منیر، معروف سماجی شخصیت سید زیب حسن جعفری اور پاکستان سکول مسقط سے وابستہ چیدہ چیدہ افراد نے بھی شرکت کی۔
سکولز بورڈ نے اس ضمن میں چینی حکومت کے تعاون کے سلسلے میں عُمان میں ہردلعزیز سفیر پاکستان عمران علی کا بھی شکریہ ادا کیا۔