مشرقی یروشلم ایک آزاد فلسطینی مملکت کا دارالحکومت ہونا چاہئے، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا بنیادی عنصر ہے۔ فلسطین- اسرائیل تنازع کی بنیادی وجہ ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کے جائز حق کے حصول میں تاخیر ہے۔
جمعرات کے روز چینی نشر یاتی ادارے کے مطا بق اقوام متحدہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک یادگاری اجلاس منعقد کیا ۔ان خیالات کا اظہار چین کے صدر نے اجلاس کے لیے تہنیتی پیغام میں کیا ۔اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ پائیدار سلامتی صرف اسی صورت میں حاصل کی جا سکتی ہے جب ہم مشترکہ سلامتی کے تصور کو برقرار رکھیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے لیے ان کے منصفانہ نصب العین کی بھرپور حمایت کی ہے۔ مسئلہ فلسطین کا بنیادی حل 1967ء کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام میں مضمر ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو اور وہ مکمل طور پر خود مختار ہو۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے چین مسئلہ فلسطین کو دو ریاستی فارمولے کے صحیح راستے پر لانے اور جلد از جلد ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا تصفیے کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔