سویڈن: اہل فلسطین اپنی حمایت اور اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی عوام کے بہت شکر گزار ہیں،سفیر فلسطین

سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) اہل فلسطین اپنی حمایت اور اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی عوام کے بہت شکر گزار ہیں۔ ہمیں پچھتر سال سے ظلم اور جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شہدائے غزہ کا خون فلسطین کی آزادی کا ضمن بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار سویڈن میں فلسطین کی سفیر عزت مآب رولا المحيسن نے سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

سویڈن میں پاکستانی ڈائیسپورا کے ایک وفد نے سویڈن میں سفیر پاکستان عزت مآب ڈاکٹر ظہور احمد اور فسٹ سیکرٹری سیدہ وردہ کے ہمراہ سویڈش دارالحکومت سٹاک ہوم میں فلسطین کے سفارت خانہ کا دورہ کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

پاکستان سول سوسائٹی کے وفد میں ڈاکٹر عارف محمود کسانہ، ابرار اکبر، عمران کھوکھر، قیصر غیور، منیب چوہدری، بلال مصطفیٰ، سردار تیمور عزیز، سونیا قاضی، سدرا قاضی کے علاوہ سویڈش نو مسلم ہیلینے رینر ویک اور جان نورڈ لنگ شامل تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ سے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو ہونے والے مصائب کا دکھ درد اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں۔

وفد کے اراکین نے غزہ کی صورتحال پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی بہادری اور حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کے چیئر مین ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے علامہ اقبال کے فلسطین کے بارے اشعار انگریزی ترجمہ کے ساتھ فلسطین کی سفیر عزت مآب رولا المحيسن کو پیش کئے۔ سفیر فلسطین نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شہدائے غزہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی گئی۔

pakistani diaspora swedenpalestine issue
Comments (0)
Add Comment