بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) سپین کے شہر بارسلونا میں پاک فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام پاکستان میں سماجی حوالے سے بڑا نام اخوت فائو نڈیشن پاکستان کے بانی و چیئرمین ڈاکٹرامجد ثاقب کی کتاب’’ سیلاب کی کہانی ‘‘ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ مظہر حسین راجہ نے آقا دو جہاں سرور کائنات کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
نظامت کے فرائض حافظ احمد نے سرانجام دیئے،پاکستان کے معروف شاعر خالد مسعود، سپر اسٹار کامیڈی اداکار ٹی وی فلم انڈسٹری افتخار احمد ٹھاکر سمیت اوورسیز کمیونٹی ،خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،ڈاکٹر امجد ثاقب نے کتاب ’’سیلاب کہانی‘‘ میں بارسلونا کا خصوصی احوالِ پیش کیا،گزشتہ سال پاکستان میں ہزاروں مکان سیلاب کی تباہی اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے تو بارسلونا کی بزنس کمیونٹی ٹیکسی سیکٹر نے بھرپور انداز میں عطیات دئیے۔
اخوت فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹرامجد ثاقب نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مایوسی روشنی اور امید میں بدلتی ہے، انسان کو مایوس ہو کر کوشش کبھی نہیں چھوڑنی چاہیے۔ جب شمعیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر روشن ہوں تو اندھیرے دور ہو جائیں گے، ان کا کہنا تھاکہ انسان کو اپنے حصے کی نیکی کرنی چاہیے جب بہت ساری نیکیاں اکٹھی ہو جائیں گی تو دنیا خوبصورت ہوجائے گی۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے سپین کے شہر قرطبہ کی تاریخی مقامات پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ قرطبہ یونیورسٹی بھی اس وقت کی ہارورڈ یونیورسٹی تھی۔ اپنے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کریں،انھوں نے علم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم پیچھے رہ گئے ہیں ،آپ جہاں بھی رہیں بچوں کو پڑھائیں، یہی بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں۔
تقریب میں معروف شاعر خالد مسعود کی پنجابی شاعری اور افتخار ٹھاکر کی مزاحیہ گفتگو پر اوورسیز کمیونٹی نے تالیاں بجا کر کر خوب داد دی اور انجوائے کیاجبکہ افتخار ٹھاکر نے کہا کہ یہ میری خوشی قسمتی ہے کہ میں اخوت پاکستان کا سپاہی ہوں اور فلاحی کاموں میں ہمیشہ ساتھ دوں گا،آپ بھی مکمل اعتماد کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں ۔
تقریب میں مظہر حسین راجہ، سید ایاز حسین شاہ ، راجہ ساجد محمود ، مسز سید ذوالقرنین شاہ ، سیدذوالقرنین شاہ ،جاوید مغل ، راجہ شفیق ، سید شیراز شاہ، محمد شفیق تبسم نے اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر امجد محمود ثاقب کی کتاب سیلاب کہانی کا سٹال بھی لگایا گیا ،حاظرین ہال میں خواتین و حضرات نے کتاب کی خریداری کی اور حوصلہ افزائی کی تقریب کے اختتام پر پاک فیڈریشن سپین کے صدر چوہدری ثاقب طاہر نے اخوت پاکستان کی آمد اور بارسلونا کمیونٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے بھرپور تعاون کے حوالے سے شخصیات کو یادگاری شیلڈز اور اعزازی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیے گئے۔