دبئی (سپورٹس رپورٹ) جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز اینڈریز گوس کی ناقابل شکست 95 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ابوظبی نائٹ رائیڈرز نے آئی ایل ٹی 20 سیزن 2 کے تیسرے میچ میں ڈیزرٹ وائپرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی ۔
گوس نے 50 گیندوں پر پانچ چوکے اور سات چھکوں کی مدد سے اننگز کھیلی جس سے شائقین کے ساتھ ساتھ ٹیم کے مالک بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان بھی محظوظ ہوئے۔ مائیکل کائل پیپر (36) کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 47 گیندوں پر 85 رنز کی شراکت اور لوری ایونز (21) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 43 گیندوں پر 71 رنز کی شراکت نے ٹیم کو 6 وکٹوں سے فتح دلائی اس وقت کھیل کی 14 گیندیں باقی تھیں۔
اس سے قبل نائٹ رائیڈرز نے ڈیزرٹ وائپرز کو 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز تک محدود کر دیا تھا ۔ سنیل نارائن نے 23 رنز کے عوض 2 وکٹیں اور علی خان نے ڈیتھ اوور میں 29 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
کولن منرو نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد ایڈم ہوز نے 30 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔ ونندو ہسارنگا (24) اور ہوزے نے چوتھی وکٹ کے لیے 40 گیندوں پر 57 رنز کی شراکت قائم کی۔وکٹ کیپر بلے باز اینڈریز گوس کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔