دنیا بھر کی طرح ملائشیا میں بھی یوم کشمیر، یکجہتی کے جذبے سے منایا گیا

کوالالمپور(محمد وقار خان)مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال ملائیشین تنظیم (MAPIM) کی نمائندگی میں ملائیشیا کی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ملائیشیا کے دارالحکومت میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کرے اور معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائے ۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ، MAPIM اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسلامک سٹڈیز (IAIS) کے اشتراک سے اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ IAIS میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ملائیشیا کے شہریوں، سول سوسائٹی کے ارکان، ماہرین تعلیم، اسکالرز، طلباء، پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر MAPIM کے صدر ” استاد اظمی عبدالحمید ، IAIS کے چیئر مین اور سابق ملائشیئن وزیر تعلیم ” پروفیسر مازلی ملک ، الائیڈ کوآرڈینیٹنگ کونسل کے CEO جمال الدین شمس الدین ، اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آف ملائیشیا کی پروفیسر روحاناس ہارون شامل تھے۔

مقررین نے کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

معروف اسکالر اور صدر MAPIM اظمی عبدالحمید نے اپنے افتتاحی خطاب میں عالمی برادری پر خاموشی اختیار کرنے اور کشمیریوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوششیں نہ کرنے پر تنقید کی ۔ انہوں نے بھارتی قابض افواج کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔

پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے اپنے خطاب میں بھارتی قابض افواج کے بے تحاشا جبر اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کوخراج تحسین کیا۔ انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس حقیقت کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک اٹوٹ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔

ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ قابض افواج کا جبر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد اور لگن کو کم کرنے میں ناکام رہا ہے۔سیمینار کے موقع پر پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کی عکاسی کرنے والی خصوصی تصویری نمائش اور یکجہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

یوم یکجہتی کشمیر ملائشیا
Comments (0)
Add Comment