اتحاد امت میں ہی ہماری کامیابی و کامرانی ہے،پیرعمران ابدالی کا سید الکونینؐ کانفرنس سے خطاب

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) آج کا نوجوان آنے والے کل میں قوم کا معمار بنے گا، رحمت اللعالمینﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں تعلیم و تربیت سے نہ صرف وہ خود کامیابی سے ہمکنار ہوں گے بلکہ ان کے عمل وکردار میں سیرت طیبہ کی جھلک نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسکالر و ممتاز عالم دین حضرت پیر محمد عمران ابدالی نے سیدالکونینﷺ کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کثیر تعداد میں خواتین حضرات مذہبی اسکالرز، علماء مشائخ سیاسی و سماجی رہنمائوں کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سید الکونینﷺ کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل کی روحانی بیداری اور ان کے اندر حب رسولﷺ کو اجاگر کرنا ہے،پیر محمد عمران ابدالی نے مزید کہا کہ آپﷺ فخر موجودات ہیں، وجہ تخلیق کائنات ہیں، سید الانبیاء المرسلین ہیں اس روح پرور سیدالکونین کانفرنس کا مقصد ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں اور بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم وتربیت آقائے کریم ﷺ کی تعلیمات و سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں جدید تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا ہے، برطانیہ بھر سے آنے والے شرکاء وابستہ اہل علم و فضل شریک ہیں، یوں یہ کانفرنس اتحاد امت کا مظہر ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹے موٹے مسلکی اختلافات کو بھلاکر بڑے مقصد کیلئے باہمی اتحاد و یکجہتی سے عالمگیر اتحاد بناناہوگا۔ عالمگیر اتحاد کیلئے سرکار دوجہاں ﷺ کی ذات اقدس واحد ہستی ہیں جن پر تمام امت متفق ومتحد ہے اور اتحاد امت میں ہی ہماری کامیابی و کامرانی ہے۔ پیر عمران ابداتی نے مزید کہا کہ اس عظیم کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے اور بہترین انتظامات کرنے کیلئے خواتین وحضرات اور بالخصوص ابداتی طلبہ و طالبات اور رضا کاروں نے جو خدمات سرانجام دیں وہ قابل تحسین ہیں۔

صاحبزادہ قاری شعیب چشتی کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی سالانہ سید الکونین کانفرنس میں برطانیہ بھر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں اور اپنے اپنے شعبہ جات میں بہترین خدمات سرانجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

حافظ فاروق چشتی، سید وقار شاہ بخاری نے پیر محمد عمران ابدالی کی اجازت وموجودگی میں چوہدری محمد صدیق، ڈاکٹر شا ہین یوسف، حاجی محمد یٰسین، محمد حارث، محمد عارف، علماء مشائخ حسنین رضا صدیقی، نظام الدین حسنین ابدالی، کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے سابق صدر اور جامع مسجد غوثیہ الرٹ روڈ آسٹن کے چیئرمین چوہدری عظیم کو خصوصی اعزازات اور ایوارڈز سے نوازا ۔

کانفرنس کا آخری پروگرام خصوصی محفل سماء کا تھا جس میں سرکار دوجہاں ﷺ کی نعت ہدیہ درود پر پوری محفل میں ایک روحانی کیفیت طاری ہوگئی۔آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد ملکی وقومی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment