ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سنٹر ڈبلن میں ماہانہ درود و سلام اور سید سجا شاہ کے بھائی کی روح کو ایصال ثواب کے لیے ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
محفل کا آغاز حافظ سعید بھٹی نے تلاوت قران پاک سے کیا ڈاکٹر عبدالقدیر اور سید سجا شاہ نے بحضور سرور کونینﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ اس محفل کی نقابت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے ۔
تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل اور دیگر مقررین نے درود و سلام کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درود و سلام قرب الہی اور قرب رسولﷺ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے درود و سلام اللہ تعالی کی ان بابرکت نعمتوں میں سے ہے جو اپنے دامن میں بے پناہ فیوز و برکات سمیٹے ہوئے ہیں یہ ایسی لازوال دولت ہے کہ جسے مل جائے اس کے دین و دنیا سنور جاتے ہیں ۔
درود و سلام محبوب خداﷺ کی تعریف،اللہ تعالی کی رحمت کا خزانہ،گناہوں کا کفارہ،بلندی درجات کا زینہ،خیر و برکت کا سفینہ ہے ،مجلس کی زینت،تنگدستی کا علاج ،جنت میں لے جانے والا عمل ،دل کی طہارت ،بلاؤں کا تریاق ،روح کی مسرت ،روحانی پریشانیوں کا علاج،غربت و افلاس کا حل،دوزخ سے نجات کا ذریعہ اور شفاعت کی کنجی ہے ۔
حاضرین کو یہ بھی بتایا گیا کہ 25 فروری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری آئرلینڈ کا اپنا پہلا تحریکی اور تنظیمی دورہ کر رہے ہیں تمام حاضرین اس پیغام کو پورے آئرلینڈ کے ہر خاص و عام تک پہنچا دیں تاکہ ہر کوئی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی حاضری سے فیوض و برکات حاصل کر سکے۔
آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نظرانہ پیش کیا سید سجا شاہ کے بھائی کی روح کو ایصال ثواب اور تمام اہل اسلام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی محمد عرفان اور محی الدین کی طرف سے حاضرین کے لیے لنگر پیش کیا گیا۔