دونوں ممالک اقتصادی تعاون کے اچھے شراکت دار بن گئے ہیں، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین اور جمہوریہ کانگو کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منانے کے لئے چینی صدر شی جن پھنگ اور جمہوریہ کانگو کے صدر ڈینس ساسو نگوئیسو نے مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔جمعرات کے روز شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دوستی طویل عرصے سے قائم ہے۔
سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سالوں کے دوران، بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال کے باوجود، دونوں ممالک نے ہمیشہ خلوص دل سے تعاون کیا ہے اور ساتھ ساتھ ترقی کی ہے۔دونوں ممالک سیاسی اعتماد کے اچھے دوست اور اقتصادی تعاون کے اچھے شراکت دار بن گئے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ وہ چین- جمہوریہ کانگو تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مسلسل فروغ دینے اور چین افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے صدر ساسو کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہیں۔
صدر ساسو نے کہا کہ 60 سال سے دونوں ممالک کے عوام ہمیشہ متحد اور دوستانہ رہے ہیں، امن، انصاف اور خوشحالی کے مشترکہ حصول کے لیے باہمی تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔صدر کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریہ کانگو اور چین کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے اور چین-افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔