کویت (محمد عرفان شفیق) شوکت خانم میموریل ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کویت چیپٹر کے زیر اہتمام رمضان کی بابرکت ساعتوں میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے شوکت خانم میموریل ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کی میڈیکل ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ پتھالوجسٹ ڈاکٹر آصف لویا نے خصوصی شرکت کی۔
سفارتخانہ پاکستان سے فیصل مجید مہمان خصوصی تھے جبکہ پاسپورٹ سیکشن انچارج عثمان نواز کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات عبید الرحمن آرائیں، پیر امجد حسین، ڈاکٹر شجاع الدین، آصف جمال، راجہ بلال، ثاقب مرزا، خالد امین، شاہد وجدہ و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا جس کی سعادت قاری صہیب انجم کو حاصل ہوئی۔ محمد طاہر بشیر، شوکت خانم اوورسیز کمیونٹی کویت کے ایمبسڈر نے تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا جس کے بعد ڈاکٹر آصف لویا نے تفصیلاً اس پراجیکٹ اور ادارے کے بارے میں کمیونٹی ممبران کا آگاہ کیا اور پراجیکٹ کے مختلف حصوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے کراچی پراجیکٹ کا ذکر بھی کیا۔
اسکے بعد حاضرین کو ایک ڈاکومینٹری دکھائی گئی۔پروگرام کے دوسرے حصے میں انجینئر عبید الرحمن آرائیں نے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئر مین شوکت خانم میموریل ہسپتال کی لگن اور ولولہ انگیز قیادت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کویت کی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب عمران خان نے کویت کا دورہ کیا تھا، تب ایک قلیل عرصے میں فنڈ اکٹھا کرنے میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔
تقریب سے پیر امجد حسین، سفارتخانہ پاکستان سے فیصل مجید اور شہزاد الرحمن بٹ نے بھی خطاب کیا، انہوں نے شوکت خانم میموریل ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے لیے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور اپیل کی کہ رمضان المبارک کی ان بابرکت ساعات میں عطیہ کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حصے کی شمع روشن کریں کیونکہ یہ زندگی کا سوال ہے۔