ویانا(رپورٹ:محمدعامرصدیق) پاکستان کے قومی دن 23 مارچ کی مناسبت سے سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی زیر قیادت سفارتخانہ پاکستان ویانا میں تقریب منعقد کی گئی،تقریب کا آغاز کلام پاک کی سعادت عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قاری صداقت علی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ،سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے یوم پاکستان کی تقریب میں سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔
قومی ترانے کے بعد سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے صدر مملکت پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے تقریب میں شرکت پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوم پاکستان اور رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔
سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ یوم پاکستان ان بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جن کی خدمات اور قربانیوں کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن وجود میں آیا۔ یہ پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے ہمارے عزم کے اعادہ کا دن تھا۔
انہوں نے کہا کہ 23مارچ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے ہمارے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔سفیر کھوکھر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا حل پاکستان کی تقسیم کے منصوبے پر عمل درآمد کو مکمل کرے گا۔
انہوں نے فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت اور فلسطین کی 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، قابل عمل اور ملحقہ ریاست کے قیام کی بھی تصدیق کی۔ آخر میں فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں اور پاکستان کی سلامتی خوشحالی ،سربلندی کیلئے دعائیں کی گئیں۔