بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں فرانس کی میریئکس فاؤنڈیشن کے چیئرمین الین میریئکس اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی۔پیر کے روز شی جن پھنگ نے چین -فرانس تعلقات کی ترقی اور چین کے شعبہ صحت و طب کی ترقی کی طویل مدتی حمایت پر ان کا اور ان کی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ آج دنیا کو اس صدی میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور دنیا افراتفری کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے کو نہ صرف کورونا وائرس کی وبا جیسے چیلنجز سے نمٹنا پڑتا ہے بلکہ فلسطین- اسرائیل تنازعے اور یوکرین کے بحران جیسے جغرافیائی سیاسی تنازعات کا بھی سامنا ہے ۔
چین نے ہمیشہ امن کی وکالت کرتے ہوئے بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیرکے فروغ کی خاطر جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔صدر شی نے کہا کہ اس سال چین اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ ہے۔
چین دونوں ممالک کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور فرانسیسی فریق کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور قریبی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ چین اور فرانس کے تعلقات کو مزید اعلیٰ سطح پر لے جایا جا سکے۔