آگ کو مزید بھڑکانے سے گریز کیا جائے، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ میں دیاؤ یوئی تھائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر اولاف شولز نے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے یوکرین بحران پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ چین اور جرمنی دونوں اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا پرامن جوہری تنصیبات پر حملوں کی مخالفت ، بین الاقوامی غذائی سلامتی سے جڑے مسائل کے مناسب حل اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
شی جن پھنگ نے اس موقع پر موجودہ صورتحال میں جلد از جلد امن بحال کرنے کے لیے چار اہم اصولوں کے ادراک پر زور دیا ۔ اول، امن و استحکام کی مجموعی صورتحال کو ترجیح دی جائے، اور خود غرض مفادات کی جستجو سے گریز کیا جائے۔ دوسرا، کشیدگی کو کم کیا جائے اور آگ کو مزید بھڑکانے سے گریز کیا جائے ۔
تیسرا ، امن کی بحالی کے لیے ماحول پیدا کیا جائے اور اختلافات کو مزید نہ بڑھایا جائے۔ چوتھا ،عالمی معیشت پر منفی اثرات کو کم کیا جائے اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو کمزور نہ کیا جائے ۔شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین یوکرین بحران کے پرامن حل کے لئے مفید تمام کوششوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں جرمنی سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔