دونوں ممالک کو بلاک محاذ آرائی سے بچنے کیلئے کام کرنا چاہئے، فرانسیسی مشیرخارجہ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے فرانسیسی صدر کے خارجہ امور کے مشیر جین کلاڈ بونارڈ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اتوار کے روز چینی میڈیا کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ چین اور فرانس دونوں خود مختاری اور مشترکہ تعاون کو برقرار رکھنے، عالمی تقسیم اور بلاک تصادم کی مخالفت کر نے ، کثیر الجہتی پر عمل کرنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کر نے والے ممالک ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بین الاقوامی صورتحال پیچیدہ اور ہنگامہ خیز ہے، ایک کے بعد ایک چیلنجز اور ہاٹ اسپاٹ مسائل ابھر رہے ہیں ، بین الاقوامی برادری توقع کرتی ہے کہ چین اور فرانس عالمی امن و استحکام ،انسانیت کے مستقبل اور تقدیر سے متعلق اہم مسائل پر مشترکہ موقف اور آواز بنیں گے ۔
وانگ ای نے کہا کہ چین فرانس کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو مضبوط بنانے، سربراہان مملکت کے سفارتی قائدانہ کردار کو مکمل طور پر ادا کرنے، چین فرانس جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو بلند کرنے، مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی سطح پر لے جانے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں دو بڑے ممالک کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ فرانسیسی فریق یورپی یونین پر زور دے گا کہ وہ مثبت اور حقیقت پسند چائنا پالیسی پر عمل پیرا رہے۔جین کلاڈ بونارڈ نے کہا کہ فرانس دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کو دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح تبادلوں کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، عملی تعاون کو مضبوط کرنے کی کوشش کا موقع سمجھتاہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو ہاٹ اسپاٹ مسائل کو حل کرنے ، موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے، شمال اور جنوب کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، بلاک محاذ آرائی سے بچنے اور فرانس چین اور یورپی یونین چین تعلقات کی مزید ترقی کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ دلچسپی کے دیگر بین الاقوامی اور علاقائی امور جیسے یوکرین اور فلسطین اسرائیل تنازعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔