لندن(شوبز نیوز)بالی ووڈ میں آج کل سیکڑوں فلمیں پروڈیوس ہورہی ہیں اور ان چیزوں نے اسے دنیا بھر میں کافی مقبولیت دی ہے، جبکہ اس انڈسٹری کے فلم اسٹارز تو اپنی فلموں سے بھی زیادہ مشہور ہوچکے ہیں۔
اسی سبب بالی ووڈ کے بہت سے اداکاروں کے نام اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔
ان میں سرفہرست کنگ خان، شاہ رخ خان ہیں، فوربس کی لسٹ میں ان کا نام سب سے زیادہ رقم کمانے والے بالی ووڈ اداکاروں کی فہرست میں اول نمبر پر ہے اور 2013 میں انھوں نے 220 اعشاریہ 5 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
گنیز بک ورلڈ ریکارڈ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کمانے والوں میں کترینہ کیف کا نام ہے، جنھوں نے 2013 میں 63 اعشاریہ 75 کروڑ روپے کمائے۔
تیسرا نام بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا ہے، جنکا نام شری ہنومان چالیسا گانے پر شامل کیا گیا، جسے وشال شیکھر موسیقاروں کی جوڑی شیکھر راوجیانی نے کمپوز کیا تھا
جبکہ چوتھا نمبر امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشک بچن کا ہے۔ جن کا نام کسی فلم اسٹار کا زیادہ سے زیادہ عوامی اجتماعات میں شرکت پر شامل کیا گیا جو کہ انھوں نے اپنی 2009 کی فلم دہلی 6 کی پروموشن کے لیے بارہ مختلف شہروں میں جاکر انجام دیا تھا۔
گنیز بک ورلڈ ریکارڈ کی اس فہرست میں پانچویں نمبر پر گلوکار کمار سانو ہیں۔ جنھیں ایک ہی دن میں بہت سارے گانے ریکارڈ کرانے پر گنیز بک میں شامل کیا گیا۔
چھٹے نمبر پر اداکارہ سوناکشی سنہا کا نام ہے۔ سوناکشی کا نام ایک ایونٹ میں اکٹھے بہت ساری خواتین کی جانب سے اپنے ناخنوں پر نیل پالش لگانے میں شامل ہونے پر ریکارڈ ساز قرار دیا گیا، 2016 کے اس مقابلے میں 1328 خواتین شریک ہوئی تھیں۔
ساتویں نمبر پر ماضی کی اداکارہ آنجہانی للیتا پوار کا جنھوں نے 70 برس بالی ووڈ میں کام کیا۔ انھیں صرف بارہ برس کی عمر میں فلموں میں اداکاری شروع کرنے اور 700 زیادہ فلموں میں کام کرنے پر شامل کیا گیا۔
آٹھویں نمبر پر ایک اور ماضی کے مشہور اداکار جگدیش راج، جنھیں سب سے زیادہ ٹائپ کاسٹ ایکٹر ہونے پر شامل کیا گیا۔
نویں نمبر پر سینئر اداکار آنجہانی اشوک کمار کو طویل ترین عرصے تک بالی ووڈ میں لیڈنگ رول ادا کرنے والے اداکار کے طور پر شامل کیا گیا۔
دسویں نمبر پر معروف گیت نگار سمیر انجان ہیں، جنھیں پندرہ دسمبر 2015 تک 3524 گانے کمپوز کرنے پر شامل کیا گیا۔