ورکر پارٹی کے لیڈر رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے کی جماعت صرف دو کونسلرز منتخب کروانے میں کامیاب
ڈپٹی لیڈر روچڈیل کونسل علی عدالت دوبارہ منتخب،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی بحیثیت مبصر شرکت
روچڈیل (محمد فیاض بشیر)روچڈیل کونسل میں لیبر پارٹی نے اپنی اکثریت برقرار رکھتے ہوئے حکمرانی کا تاج دوبارہ اپنے سر پر سجا لیا ۔ ورکر پارٹی کے لیڈر رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے کی جماعت صرف دو کونسلرز منتخب کروانے میں کامیاب ۔ ڈپٹی لیڈر روچڈیل کونسل علی عدالت دوبارہ منتخب ۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے بحیثیت مبصر شرکت کی ۔
نو منتخب کونسلر علی عدالت نے کہا کہ پچھلے چند ماہ ہمارے لیے سیاسی طور پر مشکل ترین تھے کیونکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے مسلمان کمیونٹی کے اندر شدید غم ع غصہ اسی وجہ سے ہم برطانوی پارلیمنٹ کا ضمنی انتخاب ہار گئے ہمارے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ کونسل صرف مقامی سطح پر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے قومی سطح پر بننے والی پالیسی سے انکا تعلق نہیں ہوتا ورکر پارٹی نے مسلمان کمیونٹی کے جذبات سے کھیل کر برطانوی پارلیمنٹ کی نشست جیتی ہم واضح طور پر جیت کر کمیونٹی کی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں ۔
افضل بٹ نے کہا کہ برطانیہ بھر اور عالمی سطح پر لوگوں کی نظریں روچڈیل کے بلدیاتی انتخابات پر تھیں کہ ہو سکتا ہے غزہ میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی وجہ سے ورکر پارٹی سب کو حیران کرتے ہوئے کونسل کی کئی ایک نشستوں پر کامیابی حاصل کرے لیکن صرف دو پر انکے امیدوار کامیاب ہو سکے۔ انہوں نے برطانیہ میں انتخابات اور پھر نتائج مرتب کرنے کے طریقہ کار کو جمہوریت کی اصل روح کہا ۔
ڈپٹی لیڈر کونسلر جینٹ ایمزلی ، ڈپٹی مئیر کونسلر شکیل احمد ، کونسلر پروفیسر افتخار احمد نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی کمیونٹی نے ہم پر اعتماد کیا ہے ہم انکی خدمت کے لیے آگے سے بڑھ کر کام کریں اور کمیونٹی کے اندر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈہ کو زائل کریں گے ۔
رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے نے کہا کہ برطانیہ بھر میں جو سیٹیں دوسری جماعتیں ہاری ہیں وہ لیبر پارٹی نہیں جیتی بلکہ آزاد امیدوار جیتے ہیں لیبر پارٹی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے حق میں ہے ہم اسکی مذمت کرتے ہیں ۔
روچڈیل کونسل کے انتخابات میں لیبر پارٹی کی کامیابی مقامی کمیونٹی کے لیے مفید ثابت ہو گی۔