حاضر نامی نوسرباز کا مہتاب شاہ، علی شاہ ، ذین العابدین اور دیگر مختلف ناموں سے سینکڑوں لوگوں کو لوٹنے اور جعلی ویزے لگا کر دینے کا انکشاف
کوالالمپور(محمد وقار خان)سینکڑوں پاکستانیوں کو ویزوں کا جھانسہ اور ہنڈی حوالہ کی جعلی رسیدیں دے کر کروڑوں روپے لوٹنے والا نوسرباز ملائشیا میں روپوش ،علی حاضر نامی نوسرباز کا مہتاب شاہ، علی شاہ ، ذین العابدین اور دیگر مختلف ناموں سے سینکڑوں لوگوں کو لوٹنے اور جعلی ویزے لگا کر دینے کا انکشاف ۔ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ فلپائنی ، انڈونیشین ، انڈین تارکین وطن بھی اس نوسرباز کے ہاتھوں محفوظ نہ رہ سکے ۔
تفصیلات کے مطابق علی حاضر نامی نوسرباز ملائشیا میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے سینکڑوں افراد کے ساتھ بھی کروڑوں کے گھپلوں میں ملوث ہے ۔علی حاضر نامی نوسرباز ، زین العابدین ، علی شاہ ،مہتاب شاہ جیسے مختلف نام بتا کر لوگوں کو لوٹتا ہے۔
درجنوں پاکستانیوں کو ہُنڈی حوالہ کی جعلی رسیدیں اور پاکستانیوں سمیت متعدد فلپائنی ، انڈین اور انڈونیشینز کو جعلی ویزے لگا کر لوٹ چکا ہے،اس کے علاوہ متعدد ورکرز کو مختلف جگہوں پر کام لگانے کے بعد ان کی سیلری بھی ان کو نہیں ملتی، جب متعلقہ مالکان سے رابطہ کیا جائے تو وہ بتاتے ہیں کہ ہم سے آپ کی سیلری آپ کا ایجنٹ علی حاضر لے کر جا چکا ہے ۔
متاثرہ افراد کے علی حاضر نامی نوسر باز کے پاکستان میں موجود اس کے والدین سے رابطہ کرنے پر نوسرباز کی فیملی نے اس سے قطع تعلقی کا اظہار کیا ، جس بنا پر متاثرہ افراد کی متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل ہے کہ ان کے نقصان کا ازالہ کرکے اس نوسرباز کو گرفتار کیا جائے ۔
واضح رہے کہ ملائشیا میں اپنے ہی ہم وطنوں سے نوسر بازی کی بے شمار شکایات ہیں ، جن پہ ملائشیا میں مقیم پاکستانی وقتاً فوقتاً شکایات کرتے رہتے ہیں، لیکن ایسے نوسر باز ایجنٹوں کے خلاف ادارہ جاتی کاروائیوں کے فقدان کے باعث نوسر بازی کے واقعات میں کمی واقع نہیں ہوئی۔