وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات

متحدہ عرب امارات کےصدر کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی، پاکستان جلد ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا

وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت بھی کی

دبئی (طاہر منیر طاہر) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف گزشتہ دن متحدہ عرب امارات کے دورہ پر تشریف لائے- ان کے ہمراہ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے، اپنے دورہ امارات کے دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ابوظہبی میں ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کےصدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی، پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے جس سے پاکستان جلد ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا، دوران ملاقات وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت بھی کی،مزید ملاقاتوں میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چئیرمین ابو ظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائیریکٹر جنرل محمد سیف السُویدی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت کی، ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعاون کے فروغ پر گفتگوہوئی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی اقدامات پر روشی ڈالی، اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جوکئی دہائیوں پر محیط ہیں، ہم متحدہ عرب امارات کی قیادت بالخصوص شیخ محمد بن زاید النہیان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، کاروبار دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرکے ملک میں نجی شعبے کی ترقی یقینی بنا رہی ہے، اماراتی کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

PM shahbaz sharifSheikh Muhammad bin Zayed Al Nahyanشیخ محمد بن زاید النہیان
Comments (0)
Add Comment