اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) معروف مذہبی رہنما مفتی محمد زبیر تبسم کو دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کی طرف سے ’’الحسنات ایوارڈ‘‘ اور ڈاکٹر محمد ارشد ضیاء کو پی ایچ ڈی کی تکمیل پر ’’ضیاء الامت ایوارڈ‘‘ملنے اور چوہدری رفاقت علی کی دینی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اوسلو کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری غلام سرور نے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں کثیر تعداد میں سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔،تقریب کا آغاز سید ابرار شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور بلال شاہ نے نعت رسول ﷺ پیش کی۔سفارتخانہ پاکستان سے ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے خطاب کرتے ہوئے ناروے کے علمائے کرام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور مساجد نے گذشتہ پچاس سالوں سے اسلام اور پاکستان کے رشتے کو ناروے کے مسلمانوں کے ساتھ جس طرح جوڑ رکھا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے علمائے کرام کی جانب سے بین المسالک رابطے اور رواداری کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔
مفتی محمد زبیر تبسم نے اظہار خیال کرتے ہوئے میزبان محفل کا شکریہ ادا کیا اور علمائے کرام کی جانب سے معاشرے کو پرامن بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر علامہ ارشد ضیاء اور چوہدری رفاقت علی نے بھی میزبان محفل کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خوبصورت محفل سجانے پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب کی نقابت کے فرائض چوہدری غلام سرور نے احسن انداز میں سرانجام دیئے، اس موقع پر چوہدری رفاقت علی کی سالگرہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب سے سردار چوہدری بہادر خان، راجہ عبدالمجید، علامہ اقبال فانی، محمد ناصر، افضال احمد، ڈاکٹر مبشر بنارس، چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔