سفیر پاکستان نے عجمان کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے پاکستانی مریضوں کی عیادت کی

فیصل نیاز ترمذی نے خود شیخ شخبوت میڈیکل سٹی جا کرزخمی مریضوں کا حال احوال پوچھا

مریض اب صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں جلد ہی پاکستان منتقل کر دیا جائے گا

پاکستانی سفیر نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور کاوشوں کے اعتراف میں تعریفی خطوط دیئے

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عجمان کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پاکستانی مریضوں کی بذات خودعیادت کی،پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شیخ شخبوت میڈیکل سٹی ابوظہبی جا کر زخمی مریضوں کا حال احوال پوچھا۔

زخمی مریضوں کو ملنے کے بعد سفیر پاکستان نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یہ مریض اب صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں جلد ہی پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔ پاکستان ایمبیسی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیرفیصل نیاز ترمذی نے ہر زخمی مریض کی عیادت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائوں کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان مشن کی جانب سے ان کی پاکستان آمد ورفت میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کا یقین دلایا۔

آتشزدگی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے پاکستانی مریضوں کی عیادت کے دوران فیصل نیاز ترمذی نے ایس ایس ایم سی میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے ایس ایس ایم سی کی ٹیم کا آتشزدگی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج کے لئے چوبیس گھنٹے انتھک کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور کاوشوں کے اعتراف میں تعریفی خطوط پیش کیے۔

سفیر پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا بھی ہر ممکن تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

Ambassador Pakistan Ajmanعجمان کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی
Comments (0)
Add Comment