تقریب کا انعقاد سیلک ایشین انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر میں ہوا،تحقیقاتی رپورٹر سید اقرار الحسن اور انکی اہلیہ کی خصوصی شرکت
روچڈیل (محمد فیاض بشیر) پاکستان پریس کلب برطانیہ گریٹر مانچسٹر برانچ کے نو منتخب اراکین کے اعزاز میں سیلک ایشین انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر میں پروقار تقریب کا انعقاد، پاکستان سے آئے ممتاز تحقیقاتی رپورٹر سید اقرار الحسن اور انکی اہلیہ صحافتی خاتون فرح اقرار کی خصوصی شرکت ۔
تقریب میں پاکستان پریس کلب برطانیہ کے مرکزی قائم مقام صدر مرزا آفتاب بیگ اور جنرل سیکرٹری مسرت اقبال راجہ بھی رونق کو دوبالا کرنے کے لیے لندن سے تشریف لائے ۔ نامور سیاسی و سماجی شخصیات آصف رشید بٹ ، سید خالد عباس ، عبید ،مسعود محمود ،ڈپٹی لیڈر روچڈیل کونسلر علی عدالت ، نوجوان سماجی و کمیونٹی راہنما امان ماجد، حماس ماجد ، عابد نذیر ، سابق جنرل سیکرٹری پاکستان پریس کلب برطانیہ زاہد نور ،شکیل سلام بزرگ مذہبی راہنماؤں کے علا وہ دیگر کی شرکت ۔
سید اقرار الحسن نے کہا کہ برطانیہ کا دورہ کرنے کا مقصد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار شف شف کی اصلیت سے آگاہ کرنا تھا وہ کرتب دکھا کر ولی اللہ ہونے کا دعوہ کرتے ہیں دین اسلام کی تعلیمات سے ناواقف ہیں ۔ صوبہ پنجاب میں انکے پاس گیارہ ارب سے زائد کی زمین انکی ذاتی مالکیت میں ہے میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں کئیمریض جو طبی علاج کروا رہے تھے انہوں نے انکا علاج معالجہ روک دیا کہ وہ انکا روحانی علاج کریں گے وہ دنیا فانی چھوڑ گئے، ہماری ٹیم انکو مزید بے نقاب کرے گی کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ ہماری معاونت اور راہنمائی کریں ۔
پاکستان پریس کلب برطانیہ کے قائم مقام صدر مرزا آفتاب بیگ اور جنرل سیکرٹری مسرت اقبال راجہ نے پریس کلب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ تقریب کی نقابت پاکستان پریس کلب برطانیہ گریٹر مانچسٹر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹراظہرراجہ نے انتہائی نفاست مدلل اور ماہرانہ طریقے سے بخوبی انجام دیئے۔
پاکستان پریس کلب برطانیہ گریٹر مانچسٹر کے نو منتخب صدر محمد اسحاق چوہدری نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہم مثبت اور تعمیری صحافت کے لیے اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں کلب کے تمام عہدیداران و اراکین کے لیے میری خدمات حاضر ہیں ان کے مسائل حل کروانے کے لیے مرکزی قیادت سے قریبی رابطہ رکھوں گا ۔
سید اقرار الحسن نے ہمیں جو عزت افزائی دی انکے دلی مشکور ہیں، انہوں نے جو بیڑا اٹھایا ہے ہم انکے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں معاشرے کے اندر پھیلائے جانے والی منفی سرگرمیوں کو منظر عام پر لانے کے لیے ہم سید اقرار الحسن کی تحقیقاتی صحافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
پاکستان پریس کلب برطانیہ کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری زاہد نور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ،سینئر صحافی ثاقب راجہ نے کہا کہ سید اقرار الحسن اور فرح اقرار کے ساتھ انکا تعلق پاکستان سے ہے ہماری نیک خواہشات اقرار الحسن کے ساتھ ہیں ۔
سابق صدر گریٹر مانچسٹر ماجد نذیر کا کہنا تھا کہ انہیں آج جو مقام و مرتبہ حاصل ہے وہ اللّٰہ تعالیٰ کا خاص کرم ماں باپ کی پرخلوص دلی دعاؤں اور قریبی رفقا و دوست احباب کی مرہون منت ہے، اس پر تمام کا تہہ دل سے مشکور ہوں ، سید اقرار الحسن نے پاکستان پریس کلب برطانیہ گریٹر مانچسٹر کے نو منتخب عہدیداران کو خصوصی طور پر ہار بھی پہنائے ۔
پاکستان پریس کلب برطانیہ کے مرکزی صدر ارشد رچیال جو ان دنوں پاکستان و آزاد کشمیر کے دورہ پر ہیں، بذریعہ وڈیو لنک تقریب کی کارروائی کو باقاعدگی سے دیکھا، نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سید اقرار الحسن کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا کہ جس جرات و بہادری کے ساتھ جو جہاد وہ کر رہے ہیں ہمارے آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔