ملائشیا کے صحافیوں اور بزنس کونسل کی کور کمیٹی ممبران کی مشاورتی میٹنگ میں پروگرام کو حتمی شکل دی گئی
کوالالمپور(محمد وقار خان)ملائشیا کی تاریخ میں پہلی بار "میری کرکٹ میری جیت” کے ٹائٹل سے پاکستانی ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے، یہ ٹورنامنٹ بینک الحبیب اور IPG کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے ۔
ملائشیا کے صحافیوں اور بزنس کونسل کی کور کمیٹی ممبران کی اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے مشاورتی میٹنگ میں پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیا میں پہلی بار ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جوکہ 28 جون سے 30 جون تک جاری رہے گا ۔ اس رنگا رنگ کرکٹ میلہ میں سوات چیتا ، صوابی چیمپئن ،سیالکوٹ بادشاہ ، راولپنڈی ایکسپریس ، بونیر بہادر ، کراچی ہیروز ، لاہور شیر دل اور پشاور لیپرڈز ، کی ٹیموں کا زبردست ٹاکرا ہوگا ، ملائشیا میں مقیم نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے شائقین اور دلدادہ بھی اس میلہ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں ۔
"میری کرکٹ میری جیت” کے اس کرکٹ میلہ میں شائقین کرکٹ کے لیے داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے ۔ فیملیز اور بچوں کے لیے دلچسپی کے خاص پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں ، خوش نصیب شرکاء کو قرعہ اندازی کے ذریعے دیگر قیمتی انعامات کے علاوہ پاکستان کا ریٹرن ایئر ٹکٹ کا گرینڈ پرائس بھی دیا جائے گا ، باؤنڈری کے باہر کیچ کرنے والے شائقین کرکٹ کو ، پاکستانی لیجنڈ کرکٹ سپر سٹارز کے ساتھ ملاقات کا موقع دیا جائے گا۔
معروف پاکستانی ریسٹورنٹ میں ملائشیا میں مقیم پاکستانی مین سٹریم میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان ، ملائشیا پاکستان بزنس کونسل اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کے سرکردہ افراد کا مشترکہ اجلاس ہوا ، اجلاس کی صدارت ملائشیا پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین داتو سری نزیر نے کی ، اجلاس میں "میری کرکٹ” میلہ کے ذریعے وطن عزیز پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے ، ملائشیا اور پاکستان کے عوام کو مزید قریب لانے اور پاکستان سے خاص طور پر شرکت کرنے والے پاکستانی سپر سٹارز ، سرفراز احمد، عمران نذیر اور راشد لطیف کا شایان شان استقبال کرنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملائشیا پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین داتو سری نذیر اور دیگر معزز مہمانوں نے دیار غیر میں وطن عزیز پاکستان کا نام روشن کرنے کے حوالے سے ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملائشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو جوق در جوق شرکت کرنے کی دعوت دی ۔
کرکٹ کے اس رنگا رنگ میلہ میں رنگ جمانے کے لیے پاکستان کے معروف گلوکار جبران راحیل اور گلوکارہ صوفیہ کیف اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔اجلاس میں پاکستان بزنس کونسل ملائشیا کے عہدے داران ، ہمایوں حبیب ، محمد سلیم ، محمد شجاع ، پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹ ملیشیا چیپٹر کے سرپرست اعلیٰ عرفان لطیف سیفی ، سیکرٹری جنرل محمد وقار خان ، نائب صدر داتو محمد جمیل حمید ، ٹی ٹی ایس جے گروپ آف کمپنیز ملائشیا کے چیئرمین ایم ایس اطہر قریشی ، بریالی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین حاجی واجد علی خان ، معروف سماجی شخصیات محمد ثاقب شامی ، محمد سمیع بٹ ، غلام علی سولنگی ، ضیاء الرحمن کھرانہ اور پاکستانی صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ابتدائی اندازے کے مطابق ملائشیا میں مقیم ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اپنے ہیروز کو کرکٹ کے میدان میں دیکھنے کے لیے فیملیز اور دوستوں کے ہمراہ شرکت کریں گے ۔