سویڈن میں مقیم عارف محمود کسانہ کی نئی کتاب’’ وطن ثانی- آدھی رات کے سورج کی سرزمین‘‘شائع کردی گئی

سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن میں مقیم عارف محمود کسانہ کی ایک نئی کتاب وطن ثانی- آدھی رات کے سورج کی سرزمین، نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد نے شائع کردی ہے۔ سویڈن دنیا کی ایک بہترین فلاحی مملکت اور ترقی یافتہ ملک ہے اور مصنف وہاں تین دہائیوں سے قیام پذیر ہے۔

یہ کتاب سویڈن کے بارے میں ایک گائیڈ بک کی حیثیت رکھتی ہے جس میں وہاں کے ہر شعبہ کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔ سویڈن کا نظام مملکت، امیگریشن، تعلم و تحقیق، تارکین وطن، سماجی زندگی، سویڈن میں اسلام، اردو ادب کی تاریخ اور بہت دیگر اہم موضوعات پر تحریریں شامل ہیں۔

وطن ثانی میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مصنف کے نام لکھے ہوئے ایک خط کا عکس بھی شامل ہے جس میں انہوں نے اپنے دورہ سویڈن کی تفصیلات بہت دلچسپ انداز میں تحریر کی ہیں۔ وہ خط ایک نایاب تحریر ہے جسے انہوں نے اپنی وفات سے تھوڑا عرصہ قبل تحریر کیا تھا۔

اس کتاب میں چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، سویڈن میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، اپسالا یونیورسٹی سویڈن کے پروفیسر ڈاکٹر ہینز ویرنر ویسلر، اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمن، سویڈش ماہر تعلیم این خیرلوت اینڈرسن اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم خواجہ کی خصوصی تحریریں شامل ہیں۔

سویڈن کے علاوہ اسکینڈے نیویا کے دیگر ممالک کے بارے میں بھی معلومات وطن ثانی کا حصہ ہیں۔ ڈنمارک سے نصر ملک اور رمضان رفیق، سویڈن سے جمیل احسن اور شہزاد انصاری اور ناروے سے ڈاکٹر ندیم حسین سید کے مضامین بھی شامل ہیں۔

کتاب وطن ثانی پاکستان بھر میں کتابوں کی دوکانوں سے طلب کی جاسکتی ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے پاکستان کے ملک بھر میں ذیلی دفاتر اور کتابوں کے مراکز سے مل سکتی ہے علاوہ ازیں بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی دستیاب ہے۔

عارف محمود کسانہوطن ثانی- آدھی رات کے سورج کی سرزمین
Comments (0)
Add Comment