عاشورہ کا دن شہدائے کربلا کے مشن کی تکمیل کا اعادہ کرنے کا دن ہے،خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری
ویانا(رپورٹ: محمد عامر صدیق)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں نور اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام قران خوانی شہدائے کربلاؓ کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سالانہ عظیم الشان محفل بسلسلہ شہدائے کربلاؓ کا انعقاد 13 جولائی بروز ہفتہ کیا گیا۔
محفل میں یورپ کے مختلف ممالک سے اور آسٹریا کے چھوٹے بڑے شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قر آن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ محمد احمدشاہ (افغانی) کو حاصل ہوئی۔
بعد از حمد و نعت و منقبت محمد آفتاب منیر سیفی عظیمی، صیاب احمد، غلام مصطفی نعیمی، شیخ محمد وقاص احمد، شہریار خان نے پیش کی اور جرمن زبان میں طیب ملک اور اوزیفہ ربانی نے سید الشہداء کربلا پر مختصر خطاب کیا۔ محفل کی نقابت کے فرائض اوزیفہ ربانی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں انجام دیے۔
نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں کربلا کے شہداء پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عاشورہ کا دن پورے عالم اسلام میں امت مسلمہ شہدائے کربلا کے حضور عقیدت و محبت پیش کرنے ان مشن کی تکمیل کرنے کا اعادہ کرنے کا دن ہے، ان کے ایثار اور بے مثال قربانی کی نظیر صبح قیامت تک نہیں مل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاؓ نے یزیدی لشکر کے سامنے کلمہ حق بلند کرکے ثابت کیا کہ کردار و تربیت امام حسینؓ کیا ہے اور میدان کربلا کی خاک میں خون پیش کرکےاسلام کی آبیاری کی گئی۔ یوم عاشورہ اسلامی تاریخ کا وہ مقدس دن ہے جس کی اہمیت و عظمت خود نبی کریمﷺ نے بیان فرمائی ،اس دن کے روزے کا اجروثواب پورے سال کے برابر ہے، یہ دن عبادت اور ریاضت کرنے کا ہے اور اپنے گناہوں کی معافی اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے حصول کا مبارک دن ہے۔
محفل کے اختتام پر لنگر حسینی اور چائے پیش کی گئی،بعداز نماز مغرب سب نے مل کر صلات وسلام حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ السّلام اور منقبت سلام کربلا کے شہداء کی بارگاہ اقدس میں پیش کی۔
نور اسلامک سینٹر کے خطیب نے خصوصی دعا شہدائے کربلا ملک پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں حاضرین کے لیے اور محمد انور (Steuerberater) کے بڑے بھائی جو کچھ عرصے پہلے پاکستان میں وفات پا گئے تھے ان کے ایصال ثواب کے سلسلے میں خصوصی دعائیں کی۔
آخر میں مسجد نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔