اسماعیل ہنیہ کا قتل علاقائی صورت حال میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے، چین

چین نے جنوبی بیروت پر بھی اسرائیلی حملے کی سختی سے مذمت کی ہے، چینی نمائندہ

اقوام متحدہ (ویب ڈیسک) ایران، چین، الجزائر اور روس کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے حوالے سے ہنگامی اجلاس میں اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے فو چھونگ نے چین کی جانب سے اس قتل کی سخت مخالفت اور مذمت کی ہے ۔

جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطا بق چینی نمائندے نے کہا کہ یہ امن کی کوشش اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے بنیادی اصول کے لئے تباہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو شدید تشویش ہے کہ یہ واقعہ علاقائی صورت حال میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

فو چھونگ نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ فریقوں کو اشتعال انگیز اور خطرناک کارروائیوں سے صورتحال کو بگاڑنے کے بجائے عالمی برادری کی جنگ بندی کی اپیل کے مطابق سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل درآمد کرنا چاہئےاور بین الاقوامی مذاکرات کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر کرنے اور خطے میں امن بحال کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ چین حالیہ عرصے میں غیر ذمہ دار انہ واقعات کے سلسلے بشمول جنوبی بیروت پر اسرائیلی حملے کی سختی سے مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے چین کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ طاقت کا غلط استعمال مسئلہ کا حل نہیں بلکہ اس سے بحران مزید سنگین ہو گا ۔

ismail haniyehاسماعیل ہنیہ
Comments (0)
Add Comment