پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جنگ میں حمایت جاری رکھے گا، وفاقی وزیراطلاعات

برلن میں پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ویبینارکا انعقاد

برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے برلن میں پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جنگ میں حمایت جاری رکھے گا، 5 اگست 2019ءکو بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائیوں کا آغاز کیا،ان کارروائیوں کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا، حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو کمزور کرنے کیلئے کشمیری آبادی میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کر رہا ہے، آج بھارت دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ جموں و کشمیر اس کی سرزمین کا ایک غیر متنازعہ حصہ ہے، تاہم یہ بھارت ہی تھا جو جموں و کشمیر کے مسئلہ کو سلامتی کونسل میں لے کر گیا۔

سلامتی کونسل میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر وحشیانہ قبضہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کی بھی تضحیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی حمایت کے لئے متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے جس میں ہندوتوا حکومت کے انتہاءپسندانہ عزائم پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے،پاکستان نے اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا۔

ہمارا اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے وعدہ ہے کہ ہم ان کی آواز ہر فورم پر اس وقت تک لے کر جائیں گے جب تک عالمی برادری اس مسئلے پر ایکشن نہیں لیتی، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ بھارت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر 5 اگست 2019ءسے اب تک یکطرفہ اور غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کے لئے زور دے۔

ویبینار سے برلن میں پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ، لارڈ قربان حسین، پرشین سوسائٹی برلن کے اعزازی صدر مسسٹر وولکر تسپکے، ممتاز کشمیری رہنماؤں محترمہ شمیم شال، محترمہ مشعال ملک، الطاف حسین وانی اور علی رضا سید نے بھی خطاب کیا اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی۔

پاکستانی سفارت خانہ برلنعطاءاللہ تارڑمقبوضہ کشمیروفاقی وزیراطلاعاتویبیناریوم استحصال کشمیر
Comments (0)
Add Comment