پاکستان کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے ہمیں تمام تر اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد سے کام کرنا چاہیے ،سفیر ثقلین سیدہ

پاکستان ہاؤس برلن میں 78ویں یوم آزادی ( آزادی کی 77ویں سالگرہ) کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب

برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) پاکستان ہاؤس برلن میں آج 78ویں یوم آزادی ( آزادی کی 77ویں سالگرہ) کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔

جرمنی میں تعینات پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے پاکستان کے دوستوں اور خیر خواہوں کی موجودگی میں قومی ترانہ کی دھن پر پرچم لہرایا، افواج پاکستان کے دستوں نے سلامی دی ،تقریب کے دوران صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ” آج جب ہم اپنے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم لہرانے اکٹھے ہوئے ہیں تو ہمیں اپنے پورے خلوص اور تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر مادر وطن کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے جیسا کہ ہم نے تاریخ میں اس دن 77 برس قبل اپنی زندگی آزادانہ طور پر گزارنے کے لیے ایک علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کر کے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان متعدد چیلنجوں سے گزر رہا ہے، اس کے باوجود قوم قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصول پر عمل کرتے ہوئے ان پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سفارت خانہ ،پاکستان کی خدمت اور پرچم کو بلند رکھنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔

اس سادہ مگر پروقار تقریب میں کمیونٹی ممبران، مقامی جرمنوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان ہاؤس برلن میں 78واں یوم آزادیسفیر ثقلین سیدہ
Comments (0)
Add Comment