سفارت خانہ پاکستان سویڈن کے زیراہتمام پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر شاندار تقریب کا انعقاد

آج ہمیں اس عہد کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں،سفیر پاکستان بلال حئی کا تقریب سے خطاب

سٹاک ہوم (عارف کسانہ/نمائندہ خصوصی) پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی کو منانے کے لئے سویڈن میں سفارت خانہ پاکستان نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں خواتین و حضرات اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب کی دعوت سویڈن اور فن لینڈ کے لئے سفیر پاکستان جناب بلال حئی کی جانب سے دی گئی تھی۔ پاکستان ہاؤس میں ایک جشن کا سماں تھا اور سبز ہلالی پرچم لہرا رہے تھے۔ جشن آزادی کی تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔ سفیر پاکستان بلال حئی نے قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کے پرچم کو لہرایا۔

بعد ازاں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ سفارت خانہ کی جانب سے سیدہ وردہ نے خوبصورتی سے تقریب کی نظامت کی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس موقع کی مناسبت سے صدر پاکستان آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔

سفارت خانہ میں کمرشل قونصلر احسن ریاض چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا جشن آزادی کے موقع پر پیغام پڑھا جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ترقی اور بہتری کی طرف گامزن ہے اور ہم شبانہ روز محنت کرکے پاکستان کو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط ملک بنائیں گے۔

جشن آزادی کی تقریب میں بہت سے بچوں نے تقاریر کیں اور پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ ہالندا چرچ کے احباب نے سازوآواز کے ساتھ ملی نغمے پیش کرکے خوبصورت سماں باندھ دیا اور سویڈن کی فضا ملی نغموں سے گونجنے لگی۔

سولنا میونسپل کونسل کی مئیر سارہ کوکا سلام جو کہ سویڈن میں پہلی مسلمان اور پاکستانی نژاد مئیر ہیں، خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سویڈش پاکستانی اس ملک میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لئے جو کچھ بھی کرسکتے ہیں کرنا چاہیے۔

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویڈن اور فن لینڈ میں پاکستان کے سفیر بلال حئی نے اہل وطن کو مبارک پیش کی۔ انہوں نے کہا آج ہمیں اس عہد کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سویڈن اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کو 75 سال ہورہے ہیں اور دونوں ممالک میں قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ اہل وطن کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

سفیر پاکستان نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت پر خواتین و حضرات اور بچوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

14 august sweden14 اگست سویڈنبلال حئیپاکستان کا 78 واں یوم آزادیسفارت خانہ پاکستان سویڈنسفیر پاکستان بلال حئییوم پاکستان سویڈن
Comments (0)
Add Comment