سوئٹزرلینڈ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ کی جانب سے یو این او کے سامنے عمران کی رہا ئی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف ایک احتجاج کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے سابق مشیر خاص ڈاکٹر شہباز گل نے خصوصی شرکت کی۔
مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف یورپ بھر کی باڈیز اور پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد شریک ہوئی ،سابق صدر تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ شکیل احمد نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔
اس موقعہ پر شرکاء نے اپنے قائد عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے پیغام میں حکومت ،عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سے پر زور مطالبہ کیا کہ ان کے قائد پر قائم غیر قانونی مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے اور ان کو باعزت بری کیا جائے۔
اس کے ساتھ9مئی کی پاداشت میں جیلوں میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بے گناہ ورکروں کو بھی رہا کیا جائے، پاکستان میں 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں جس طرح بدترین دھاندلی کی گئی اور تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا گیا اور ہٹ دھرمی سے اقلیت میں سیٹیں لینے والی جماعت کو اقتدار میں لایا گیا کسی بھی جمہوری معاشرے میں اس کو ناقابل معافی جرم تسلیم کیا جاتا ہے۔
انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی درجہ بندی اور فہرست میں پاکستان کا نام ان بد ترین ممالک کی لسٹ میں آتا ہے جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں، دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو اس پر شدید تشویش لاحق ہے ۔
شہباز گل نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ فوج کی ہم بے انتہا قدر کرتے ہیں، آج ہمارے قائد عمران خان ،بشریٰ بی بی اور ورکرز جیلوں میں ہیں، انگریزوں نے ہمیں تقسیم کردیا ،کبھی شیعہ سنی، تاکہ ہم قوم نہ بن سکیں، دنیا چاند پر جارہی ہے اور پاکستان میں 2سال سے کیا ہورہا ہے ،آزاد، خودداری کی سوچ اور شعور عمران خان نے ہمیں دی ہے، پاکستان میں قانون کی بالادستی ہونی چاہئے، مختلف رائے ہونی چاہیے اور ہر کسی کی رائے کا احترام کرنا چاہئے۔
اگر مسلم لیگ کی حکومت ہو تو ان کی بھی عزت اور انکی خواتین کی بھی عزت کرنی چاہئے ،اوورسیز میں آپ لوگ ایک دوسرے کو برداشت کریں، ایک دوسرے کی عزت کریں، عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی بے انتہا قدر کرتے ہیں، آپ اپنے قائد کے ہاتھ مضبوط کریں۔
آخر میں شہبازگل نے شاندار احتجاج منعقد کرنے پر تمام سوئٹزرلینڈ کے پینل کا شکریہ ادا کیا، سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمیشن میں عمران خان و دیگر اسیران کی رہائی کے حوالے سے اور حکومت کی سفاکیت کے خلاف شیر افضل اعوان (جنیوا) اور شکیل احمد (برن) نے ایک پٹیشن جمع کروائی۔
اس نہایت ہی اہم پٹیشن کو تیار کرنے کا سہرا محترمہ بیلا فاروق (ڈنمارک)، محترمہ صائمہ صدف بابری (فرانس) اور محترم خُرم شہزاد (سوئٹزرلینڈ) کے سر ہے۔اس کے علاوہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ بھی تمام ثبوتوں کے ساتھ جمع کروائی۔