بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جو بیجنگ میں ایف او سی اے سی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں موجود ہیں ۔جمعرات کے روز صدر شی نے نشاندہی کی کہ چین افریقہ تعاون میں چین کے کوئی ذاتی مفادات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کی تجویز پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ افریقہ سمیت دنیا کے تمام لوگ ایک ایسی خوش حال زندگی گزار سکیں گے، جو ایک صدی میں دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کے تحت تمام ممالک کے عوام کی مشترکہ امنگوں کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اس بات کو سراہتا ہے کہ اقوام متحدہ نے ہمیشہ افریقہ کو اہمیت دی ہے ۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ تاریخی طور پر افریقہ نوآبادیات کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ افریقہ کے ساتھ چین کے تعاون سے افریقہ کو درپیش تاریخی ناانصافیوں کو کم کرنے اور افریقہ میں امن اور ترقی کے حصول میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کی پرامن ترقی انسانی تاریخ میں ایک عظیم مقصد ہے جو تمام انسانیت کے امن اور ترقی کے لئے سازگار ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے، تنازعات پیدا کرنے اور مشترکہ ترقی کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے خلاف مزاحمت کرنے، مشترکہ طور پر کثیرالجہتی پر عمل کرنے، عالمی حکمرانی کی زیادہ منصفانہ ترقی کو فروغ دینے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے تیار ہے۔