اوسلو میں ویژن فار پاکستان کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی خوبصورت تقریب کا انعقاد
اوسلو (رپوٹ:عقیل قادر) ویژن فار پاکستان کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد اوسلو میں کیا گیا جس میں خواتین و حضرات نے بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب کا آغاز سید بلال حسین شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور رمیض طارق نے بارگاہ رسول ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
تقریب کی صدارت ویژن فار پاکستان کے چیئرمین راجہ غالب حسین نے کی جبکہ مہمان خصوصی سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی تھیں،چوہدری خالد محمود، ویلفیئر اتاشی آصف حمید، علامہ نصیر احمد نوری، ڈاکٹر علامہ ارشد ضیاء اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا، نوجوان موٹیویشنل سپیکر ناصر علی اعوان نے تقریب کی نقابت کے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیئے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور پاکستانی قوم نے جس جواں مردی سے 6 ستمبر کو ملک کا دفاع کیا تھا اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم نے پاکستان کی خاطر ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کا دفاع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار نے وہ نقصان کیا ہے جو دشمن 75 سالوں میں نہیں کر سکا۔سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ وہ پاکستانی جو فیک نیوز کا شکار ہوتے ہیں انہیں ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سچ اور جھوٹ میں فرق تلاش کرنا ہو گا،پاکستانی قوم آپس میں ایک ہو جائے اور اپنے کام دیانتداری سے سرانجام دے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں عظیم قوم بننے سے نہیں روک سکتی۔
اس موقع پر اسلامک لٹریچر سوسائٹی ناروے کے صدر افتخار حسین اور جنرل سیکریٹری عقیل قادر نے عقیدہ ختم نبوتﷺ، اخلاق و اوصاف نبویﷺ اور ذکر الٰہی کی فضیلت پر نارویجن زبان میں کتابچے پیش کیے۔
علامہ نصیر احمد نوری نے ختم نبوت کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھے بغیر انسان مسلمان نہیں ہو سکتا۔
چوہدری خالد محمود نے کہا کہ بھارت نے جب پاکستان پر حملہ کیا اور لاہور کو ٹارگٹ کیا تو فرزندان پاکستان نے جس جرات و بہادری سے مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
آصف حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے وطن کی خاطر اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، نو عمر محمد عرشمان نے بچوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
راجہ غالب حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فوج عوام کی سپورٹ اور طاقت کے بغیر جنگ نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر علامہ ارشد ضیاء نے پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کے درجات کی بلندی اور پاکستان میں امن و ترقی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔