کوالالمپور(محمد وقار خان) ملائشیا انٹرنیشنل حلال شوکیس MIHAS کے زیر اہتمام دنیا کی سب سے بڑی حلال پروڈکٹس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ۔
تلاوت قرآن پاک کے بعد نمائش کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے کیا ۔سینئر سیاستدان اور نائب وزیراعظم زید حمیدی اور ٹریڈ منسٹر کے علاوہ متعدد وزرا اور سینیٹرز نے وزیراعظم کے ہمراہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندہ نے سٹیج پر آکر دنیا کی سب سے بڑی حلال پروڈکٹس کی نمائش ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا ۔نمائش میں دنیا بھر سے آئی ہوئی حلال مصنوعات بنانے والی کمپنیز نے حصہ لیا ۔
تقریب کے ہال میں پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ ، ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر حسیب انیس ، دنیا بھر سے آئے دیگر سینکڑوں مندوبین اور میڈیا نمائندگان شریک تھے ۔
نائب وزیراعظم زید حمیدی اور ٹریڈ منسٹر کے ساتھ ساتھ متعدد حکومتی نمائندوں ، بزنس ٹائیکونز اور مختلف ممالک کے سفراء نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔
پاکستان سے 10 مختلف کمپنیز اس نمائش میں شرکت کر رہی ہیں ،تمام دیگر کمپنیز کی طرح پاکستانی کمپنیز کے نمائندگان بھی پرامید ہیں کہ اس نمائش سے انہیں بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ملے گی ، جس سے نہ صرف پاکستان کے ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔ بلکہ اس کے ساتھ ساتھ دنیا پاکستان کی مصنوعات کے اعلیٰ معیار سے بھی روشناس ہو سکے گی ۔
حلال مصنوعات کی یہ نمائش 4 دن جاری رہے گی جس میں لاکھوں ڈالرز کی کاروباری ڈیلز اور لاکھوں لوکل صارفین کی شرکت متوقع ہے،وزیراعظم تان سری انور ابراہیم نے جرنلسٹس کو اکتوبر میں اپنے دورۂ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔