عجمان حکومت کا چینی کمپنی سینوماچ کے ساتھ 5 ارب درہم کا معاہدہ

عجمان (ویب ڈیسک) عجمان کے ولی عہد اور عجمان ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی نے امیری دیوان میں بھاری سازوسامان کی تیاری اور بیرون ملک جنرل کنٹریکٹنگ میں چین کے سرکاری ادارے سینوماچ کے چیئرمین ژانگ شیاؤلون کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر عجمان ٹورازم ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سینوماچ کے اسٹریٹجک اقدامات اور خطے میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس سے عجمان کے سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کاعزم کیا گیا۔

ولی عہد عجمان نے اس بات پر زور دیا کہ شراکتی مہارت کے تبادلے اور بڑے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں سہولت فراہم کرنے، معاشی سرگرمیوں کے فروغ ، اختراع آگے بڑھانے اور مجموعی کاروباری ماحول میں بہتری کے لئے اہم ہیں۔ ملاقات کے دوران عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی اور ژانگ شیاؤلون نے عجمان حکومت اور سینو ماچ کے ذیلی ادارے چائنہ نیشنل الیکٹرک انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (سی این ای ای سی) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت پر عجمان حکومت کی جانب سے شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی اور سی این ای ای سی کی جانب سے سی این ای ای سی کے جنرل منیجر یان وائی ہوا نے دستخط کئے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت انفراسٹرکچر اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر مستقبل میں تعاون کی راہ ہموار ہوگی جس کا تخمینہ 5 ارب درہم لگایا گیا ہے۔ ولی عہد عجمان نے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش کاروباری ماحول کے فروغ کا عزم دہرایا۔

ملاقات کے دوران ژانگ شیاؤلون نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات بالخصوص عجمان میں جاری ثقافتی اور معاشی بحالی کو سراہا ۔ انہوں نے امارات کی ترقی، جدید انفراسٹرکچر اور لچکدار خدمات پر روشنی ڈالی جو اسے بین الاقوامی کاروبار کے لئے ایک پرکشش منزل بنارہی ہے ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت عجمان اور سینوماچ کے درمیان کامیاب تعاون کے سلسلے کا آغاز ہو۔

فریقین نے متحدہ عرب امارات میں مقیم تاجر شجیع الملک کی تعریف کی، جنہوں نے سی این ای ای سی کے مقامی اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے عجمان میں اپنے عہدے کے ذریعے دورے کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب میں سی این ای ای سی کے ڈپٹی جنرل منیجر گی جیان کے علاوہ بیان کے، یان ہوئی، لو ژین یو ، بھوپیش، معراج حسین اور عدنان الملک بھی موجود تھے۔ملاقات میں عجمان کلچرل اینڈ اسپورٹس کلب کے نائب صدر شیخ راشد بن عمار النعیمی نے بھی شرکت کی۔

چینی کمپنی سینوماچ
Comments (0)
Add Comment