اوسلو(عقیل قادر) انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کی جانب سے پاکستانی مذہبی رہنما ئوں کے ساتھ ایک خصوصی نشت کا اہتمام کیا گیا جس میں کرونا وباء کے دوران مساجد کے کردار پر روشنی ڈالی گئی اور کرونا کے حوالے سے مزید بہترکام کرنے پر زور دیا گیا۔
پروگرام کی صدارت معروف مذہبی شخصیت پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے کی۔ تقریب کا آغاز سوندرے نورشترند مسلم سنٹر کے امام و خطیب ڈاکٹر محمد جمیل نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، عبدالمنان نے نعت رسولﷺ پیش کی۔ تقریب میں علمائے کرام، مساجد کے ذمہ داران اور نارویجن سرکاری و غیر سرکاری اراکین نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کے چیئرمین طیب چوہدری نے مہمانوں کو کانفرنس میں شرکت کرنے پر خوش آمدید کہااور انکی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔
سید نعمت علی شاہ بخاری نے تمام مساجد اور علمائے کرام کا تعارف پیش کیا اور طیب چوہدری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مساجد کو آگاہی پروگرامز کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ نارویجن ڈاکٹر Berit Austveg نے کرونا وباء کے دوران اپنے ذاتی مشاہدات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ کرونا وباء کے دوران احساس ہوا کہ انسان کا ایک دوسرے کے ساتھ تعلق کتنا ضروری ہے۔ تقریب سے علامہ سید اشرف شاہ اور ڈاکٹر عدیل زاہد نے بھی خطاب کیا اور کرونا وباء کے نفسیاتی پہلووں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کی انتظامیہ کی جانب سے طیب چوہدری کو 26 سال سے مسلسل سماجی خدمات سرانجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ طیب چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہیں یہ ایوارڈ اللہ کے گھر میں ملا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں ناروے حکومت کے تعاون سے تعمیر کیے گئے ہسپتال، اس کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اوراس میں دی جانے والی سہولیات پر روشنی بھی ڈالی۔ علامہ سید فراست علی شاہ بخاری نے دعا کرائی اور مہمانوں کی تواضع کرسمس ڈنر سے کی گئی۔