قونصلر ہالز حکومت پاکستان اور امارات کی ایک ایکسچینج کمپنی الانصاری کے تعاون سے بنے
سفیر فیصل نیاز ترمذی اور الانصاری ایکسچینج کے سی ای او راشد الانصاری نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی
سفیر پاکستان نے منصوبے کی تکمیل پر خوشی اور اطمینان کا اظہارکرتے ھوئے الانصاری ایکسچینج کے تعاون پر شکریہ ادا کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں نئے تعمیر شدہ اور تزئین و آرائش شدہ قونصلر ہالز کا افتتاح گزشتہ دنوں ابوظہبی میں کیا گیا،یہ حکومت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی الانصاری ایکسچینج کی مشترکہ کوشش تھی جو متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں بشمول تارکین وطن کو مالی خدمات فراہم کرتی ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی اور الانصاری ایکسچینج کے سی ای او راشد الانصاری نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور قونصلر ہالز کے پاسپورٹ اور تصدیقی حصے کا دورہ کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور اماراتی شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی تارکین وطن کو موثر اور سازگار اور پرامن ماحول میں قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ ان ہالز کو کیو مینجمنٹ سسٹم (QMS) سے بھی لیس کیا گیا ہے اور بیٹھنے کی گنجائش کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الانصاری ایکسچینج کے تعاون پر شکریہ ادا کیا،الانصاری ایکسچینج کے سی ای او جناب راشد الانصاری نے پروجیکٹس میں شامل لوگوں کی مشترکہ کوششوں اور محنت کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے متعدد اداروں کے قیام میں ان کے کردار پر پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے الانصاری ایکسچینج کے عزم کا یقین دلایا۔